ہند ۔ پاک مقابلہ، ہم حکومت کے فیصلہ کے پابند: کوہلی

وشاکھاپٹنم 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے یہاں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹوئنٹی 20 مقابلے کے ضمن میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے خلاف مقابلے کے تعلق سے استفسار پر کہاکہ ہم اِس معاملے میں حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور جو بھی فیصلہ حکومت کرے گی ہم اُس کے پابند ہیں۔ یاد رہے کہ پلوامہ میں دہشت گرد حملے میں 40 سی آر پی ایف جوان شہید ہوئے۔ اِس حملے کے بعد 16 جون کو مجوزہ ہند ۔ پاک مقابلہ کے بائیکاٹ کی مختلف گوشوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے صدائیں بلند ہورہی ہیں تاہم ہندوستانی حکومت نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ دریں اثناء کوہلی نے اِس سوال کے جواب میں واضح الفاظ میں کہہ دیا کہ ہمارا موقف بالکل واضح ہے اور ہم ملک کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اُس کا احترام کریں گے۔ جبکہ اس تعلق سے قطعی فیصلہ بی سی سی آئی ہی کرے گا۔ کوہلی کے بموجب حکومت اور بورڈ جو کچھ بھی فیصلہ کریں گے ہم اُس کے پابند بھی ہیں اور فیصلہ کا احترام بھی کریں گے۔ اِس موقع پر ہندوستانی کپتان کوہلی نے پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کے سوگ میں دو منٹ کی خاموشی منائی۔