ہند ۔ پاک مذاکرات ہونا چاہئے : امریکہ

واشنگٹن 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج کہاکہ وہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ملکوں کے مابین تعاون اور رابطہ بہتر ہوجائے جس سے کشیدگی کم ہوگی اور انتہا پسندی کے مشترکہ خطرے کے خلاف لڑائی میں مدد ملے گی۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے اپنی روزانہ کی نیوز کانفرنس میں میڈیا والوں کو بتایا کہ ہم بدستور یہی چاہتے ہیں کہ ہند و پاک کے درمیان مذاکرات اور تال میل جاری رہے تاکہ دونوں ممالک مشترکہ مفاد کی تکمیل کی سمت پیشرفت کرسکیں۔ انھوں نے کہاکہ مذاکرات سے کشیدگی گھٹانے میں یقینا مدد ملے گی۔ ہم نے اُس خطہ میں انتہا پسندی کے خطرے کی نشاندہی کی ہے۔ اس سے دونوں طرف ہر کوئی متاثر ہورہا ہے۔