ہند ۔ پاک قومی سلامتی مشیروں کی تھائی لینڈ میں خفیہ ملاقات

اجیت ڈوول کا انداز اور لب و لہجہ دوستانہ و مثبت تھا، بات چیت اچھی رہی پاکستان کا دعویٰ
اسلام آباد ؍ نئی دہلی ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایک سینئر عہدیدار نے آج کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے قومی سلامتی مشیروں نے تھائی لینڈ میں خفیہ ملاقات کی، جس میں ہندوستانی قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کا ’’انداز اور لب و لہجہ دوستانہ اور مثبت تھا‘‘۔ روزنامہ ڈان نے خبر دی ہیکہ پاکستانی قومتی سلامتی ڈیویژن کے ایک عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ پاکستانی قومی سلامتی مشیر (ریٹائرڈ) لیفٹننٹ جنرل ناصر خاں جنجوعہ اور ڈوول کے مابین 27 ڈسمبر کو تھائی لینڈ میں ملاقات ہوئی تھی۔ اس عہدیدار نے دعویٰ کیاکہ اس اجلاس کے بارے میں انہیں واقف کروایا گیا تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ’’ملاقات اچھی رہی۔ ڈوول کا انداز اور لب و لہجہ دوستانہ اور مثبت تھا‘‘۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ مشیران قومی سلامتی کی ملاقات مفید رہی۔ اس میں مذکورہ عہدیدار کے حوالہ سے یہ بھی بتایا گیا ہیکہ یہ تبادلہ خیال سفارتی سطح پر بھی کسی قسم کی گفت و شنید کے دوبارہ آغاز میں مددگار بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم اس ملاقات کے بارے میں ہندوستان کی طرف سے سرکاری یا غیرسرکاری طور پر ہنوز کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ یہ ملاقات جو ایسا معلوم ہوتا ہیکہ پہلے سے طئے کی گئی تھی۔ پاکستان میں سزائے موت پانے والے ہندوستانی قیدی کلبھوشن جادھو کی 25 ڈسمبر کو اسلام آباد میں اپنی والدہ اور بیوی سے کی گئی ملاقات کے دو دن بعد ہوئی ہے۔ جادھو خاندان کی یہ ملاقات پہلے سے متاثرہ اور کشیدہ ہند۔ پاک تعلقات میں ایک تنازعہ کا ایک نیا نقطہ ثابت ہوئی کیونکہ جادھو کو اس کے خاندان سے ملاقات کی اجازت دینے اپنے فیصلہ کو پاکستان نے انسانی ہمدردی پر مبنی قرار دیا ہے جبکہ ہندوستان نے پاکستان پر باہمی مفاہمت کی خلاف ورزی کے ارتکاب کا الزام عائد کیا تھا۔ دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان کسی تیسرے ملک میں یہ پہلی ملاقات نہیں تھی۔ ڈسمبر 2015ء میں ان دونوں ملکوں کے قومی سلامتی مشیروں نے دونوں معتمدین خارجہ کے ساتھ بنکاک میں ملاقات کی تھی اور اجلاس کے بعد تک بھی ان دونوں نے اس کا انکشاف نہیں کیا تھا۔