ہند ۔ پاک سیریز کا عدم انعقاد مایوس کن سیاسی مسائل ، دونوںملکوں کے کرکٹ میں رکاوٹ : مصباح الحق

کراچی، 02 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان گزشتہ کافی عرصے سے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہ ہونے کی وجہ سیاسی مسائل پیدا ہوئے ہیں اور اس طرح کھیل پر پابندی عائد کرنا کسی لحاظ سے درست نہیں ہے ۔مصباح نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ دونوں ملک ہی کرکٹ کھیلنے کو لے کر بہت پرجوش ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ ہندستان بھی پاکستان کے ساتھ یقینا کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے لیکن سیاسی مسائل ان کے درمیان رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس طرح سے کھیل پر پابندی لگانا چاہیے اور کرکٹ شائقین کو کھیل سے دور رکھا جانا چاہیے ۔پاکستان کے سب سے زیادہ کامیاب ٹیسٹ کپتان مصباح نے ساتھ ہی مانا کہ انہیں یقین ہے کہ ہندوستان بھی ان کے ملک کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندستانی ٹیم بھی ہماری طرح ہے لیکن وہاں بھی بہت سے مسائل ہیں۔مجھے یقین ہے کہ جب سیاسی مسئلے حل ہو جائیں گے تو ہندستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ کرکٹ یقینا شروع ہو گی ۔ لیکن مجھے دکھ ہے کہ دونوں ملکوں کے نوجوان کرکٹروں کو اب تک ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کا موقع نہیں مل پایا ہے ۔42 سالہ مصباح نے یہاں ایک پاکستانی نیوز چینل کو دیئے انٹرویو میں کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان کے پاس بھی آئی پی ایل کی طرح اپنی ایک ٹوئنٹی 20 لیگ ہے اور دو ہی برسوں میں ہمیں کافی کامیابی ملی ہے ۔