ہند ۔ ویسٹ انڈیز دوسرے ٹسٹ کا آج آغاز

پہلی کامیابی سے بلند حوصلہ مہمانوں کیلئے سبینا پارک پچ ایک امتحان
کنگسٹن ( جمائیکا) ہندوستانی کرکٹ ٹیم ایک کم تجربہ کار ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں شاندار فتح سے بلند حوصلہ ہونے کے بعد کل سے یہاں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں کامیابی کا سلسلہ جاری رکھنے پر توجہ مرکوز کرے گی ۔ نیلی وردی والی ہندوستانی ٹیم نے برصغیر کے باہر ہندوستان کے ریکارڈ جیت درج کرتے ہوئے 2016-17ء سیزن کا بھرپور اعتماد کے ساتھ آغاز کی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے میزبان ویسٹ انڈیز کو افتتاحی ٹسٹ میں ایک اننگز اور 92 رن سے چونکا دینے والی شکست دی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم اپنے دورہ میں ایسا ہی کھیل جاری رکھنا چاہتی ہے ۔ بحیثیت چیف کوچ انیل کمبلے کی یہ پہلی ٹسٹ سیریز بھی ہے لیکن کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنا کہنے میں آسان نظر آتاہے لیکن عملی طور پر یہ دشوار بھی ہوسکتا ہے ‘ کیونکہ سبینا پارک کی سبز پچ مہمانوں کی منظر ہے ۔ یہ اینٹیگاکی پچ سے کافی مختلف ہے ۔ ماضی کے ریکارڈ کے مطابق 2008ء میں آسٹریلیائی ٹیم نے پانچ دن کے ٹسٹ میچ میں 98 رن سے کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد پانچ ٹسٹ میچ کھیلے گئے جو اندرون چار یوم ختم ہوگئے تھے ۔ ان میں 2011ء کا ٹسٹ بھی شامل ہے جس میں ہندوستانی ٹیم کو 63 رن سے کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ سبینا پارک پر آخری ٹسٹ 2015ء میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا گیا تھا جو چوتھے دن لنچ کے بعد ختم ہوگیا تھا ۔ چنانچہ فی الحال یہ کہنا مشکل ہوگا کہ اس پچ پر کس ٹیم کو کامیابی کی خوشی حاصل ہوگی لیکن میزبان ویسٹ انڈیز یقیناً پُرامید معلوم ہوتی ہے ۔