حیدرآباد ۔ /8اگست (سیاست نیوز) ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری چوتھے ٹسٹ کرکٹ میچ پر سٹہ وصول کرنے والے ایک شخص کو ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 34 سالہ سکندر بھائی این چارانیا ساکن مہادیو اپارٹمنٹ چراغ علی لین عابڈس اپنے مکان میں موبائیل فون کے ذریعہ سٹہ وصول کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس ذرائع نے بتایا کہ سکندر بھائی کا تعلق گجرات سے ہے اور وہ 15 سال قبل روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور فیل خانہ میں رائل نولٹیز شاپ اور بوڈ اوپل میں لارڈز فٹ ویئر شاپ قائم کیا تھا ۔ دونوں کاروباروں میں اسے بھاری نقصان ہوا اور وہ تنگدستی کا شکار ہوگیا ۔ 2011 ء میں آسانی سے روپئے کمانے کیلئے سکندر نے کرکٹ میچیز پر سٹہ وصول کرنا شروع کیا اور وہ دہلی کی ایک ساتھی بنٹی کی مدد سے یہ کاروبار چلارہا تھا ۔ ٹاسک فو رس نے گرفتار سٹہ باز کے قبضے سے 8 موبائیل فون ، لیاپ ٹاپ ، ایل ای ڈی ٹی وی اور 92 ہزار سٹے کی رقم ضبط کرلی او ر بعد ازاں اسے عابڈس پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔