ناٹنگھم 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین ٹرینٹ برج پر کھیلا گیا پہلا ٹسٹ میچ آج ڈرا ہوگیا۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 457 اور دوسری اننگز میں 391/9 رنز بنائے جن میں اسٹیورٹ بنی (78)، چیتیشور پجارا (55)، مرلی وجئے (52)، بھونیشور کمار 63 ناٹ آؤٹ شامل ہیں۔ انگلینڈ کے معین علی نے 105 رنز کے عوض 3 وکٹس لئے۔ انگلینڈ پہلی اننگز میں 496 بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ قبل ازیں ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 457 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلش ٹیم نے آخری وکٹ کیلئے جے روٹ اور اینڈرسن کی 198 رنوں کی آخری وکٹ کی رفاقت کی بدولت 496 رنوں کا اسکور بنایا تھا ۔ آج صبح کھیل کے آغاز کے بعد ہندوستان کے وکٹس جلدی جلدی گرنے لگے تاہم رویندر جڈیجہ اور اسٹیورٹ بنی نے ٹیم کو سنبھالا اور امکانی شکست سے بچانے میں اہم رول ادا کیا ۔
جڈیجہ 31 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ اس سے قبل کپتان دھونی 11 اجنکیا رہانے 24 اور ویراٹ کوہلی 8 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ مرلی وجئے نے 52 شکھر دھون نے 29 اور چھتیشور پجارا نے 55 رن بنائے تھے ۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ براڈ ‘ پنکیٹ اور معین علی نے دو دو وکٹس حاصل کئے تھے جبکہ جیمس اینڈرسن کے حصے میں ایک وکٹ آئی تھی ۔ لنچ سے قبل ہندوستان کے وکٹس جلدی جلدی گرنے سے انگلینڈ کی کامیابی کی امید تھی تاہم جڈیجہ اور بنی نے ہندوستان کو شکست سے بچانے میں اہم رول ادا کیا ۔