ہند ۔ انگلینڈ آج فیصلہ کن ٹوئنٹی 20 ، دلچسپ مقابلہ متوقع

بنگلور ۔ /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹوئنٹی 20 سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن مقابلہ کل یہاں بنگلور میں کھیلا جائے گا جہاں ہندوستانی ٹیم کی توجہ ایک اور سریز کامیابی پر ہے جس نے گزشتہ مقابلے میں سنسنی خیز لمحات کے بعد 5 رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز کو 1-1 سے مساوی موقف میں لاکھڑا کیا ہے ۔ ٹسٹ سیریز میں 4-0 اور ونڈے میں 2-1 کی کامیابی کے اور پہلی مرتبہ محدود اوورس کی کرکٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے ویراٹ کوہلی ایک اور سیریز میں کامیابی کے خواہاں ہیں ۔ رواں سیریز میں 0-1 سے خسارہ میں رہنے کے بعد ناگپور میں منعقدہ دوسرے ٹوئنٹی 20 مقابلہ کے آخری اوور میں نوجوان بولر جسپریت بومرا نے غیرمعمولی بولنگ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلوائی ہے جس کی بدولت میزبان ٹیم 3 مقابلوں کی اس سیریز میں واپسی کرپائی ۔ دوسری جانب اہم موقع پر امپائر کے غلط فیصلے پر انگلش کپتان ایان مورگن نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور ان کی کوشش ہے کہ تیسرے مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ان تلخ یادوں کو پس پشت ڈال دیا جائے ۔ گزشتہ مقابلے میں کامیابی کے قریب پہنچنے کے بعد بھی شکست نے مورگن کو مایوس کردیا ہے تو دوسری جانب بومرا کے حوصلے اس مظاہرے کے بعد کافی بلند ہیں کیونکہ انہوں نے 18 اور 20 ویں اوور میں صرف  5 رنز دیئے اور یہ ایسا موقع ہوتا ہے جہاں بیٹسمین ہمالیائی اسٹروکس کھیلتے ہوئے اسکور میں برق رفتار اضافہ کرنے کے کوشاں ہوتے ہیں ۔ انگلش بیٹسمین جیوروٹ کو آخری اوور میں متنازعہ آؤٹ دیئے جانے کے بعد انگلینڈ ٹیم نے امپائر کے خلاف آئی سی سی سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کل کھیلے جانے والے تیسرے ٹوئنٹی 20 میں انگلینڈ کے لئے سخت چیلنج درپیش رہے گا ۔ حالانکہ وہ ابتدائی 2 مقابلوں میں بہترین مظاہرہ کرنے کے علاوہ سیریز پر اپنی کامیابی کی مہم ثبت کرنے کے قریب پہنچ چکی تھی لیکن دوسرے مقابلے میں کامیابی کے بعد اب ہندوستانی ٹیم کے حوصلے کافی بلند اور بنگلور کی وکٹ بیٹسمینوں کے لئے کافی سازگار ہے ۔ کیوریٹر نے بنگلور کی وکٹ پر ہمالیائی اسکور کی پیش قیاسی بھی کردی ہے ۔ کوہلی کا بحیثیت کپتان سیریز میں تاحال ناقابل تسخیر موقف ہے اور بنگلور کے ساتھ ان کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کی بھی خوش گوار یادیں ہیں جہاں گزشتہ برس میزبان ٹیم نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کو ایک رن سے شکست دے کر ٹورنمنٹ سے باہر کا راستہ دکھایا تھا ۔ دوسری جانب ناگپور مقابلے میں کریئس جارڈن ، بن اسٹوکس اور ٹیمال ملس کی ذہین اور کفایتی بولنگ کے علاوہ انگلش فیلڈروں کی چست بولنگ نے ہندوستان کے لئے مشکلات کھڑی کی تھیں ۔ کوہلی اور کوچ انیل کمبلے مذکورہ بولروں کی کفایتی بولنگ کا اثر توڑنے کے لئے نئی حکمت عملی اختیار کرسکتے ہیں ۔ کوہلی جنہوں نے اننگز کا آغاز تو کیا ہے لیکن وہ ابتدائی 2 مقابلوں میں اپنا معیاری کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ وہ اپنے مستقل مقام نمبر 3 پر بیٹنگ کریں ۔ کوہلی کے علاوہ یوراج سنگھ ، سریش رائینا اور مہیندر سنگھ دھونی بھی بہتر مظاہرے کے کوشاں ہوں گے ۔ ہندوستانی ٹیم میں تبدیلیوں کے امکانات بھی دکھائی دے رہے ہیں جیسا کہ رشھ پنت اور بھونیشور کمار کو قطعی 11  کھلاڑیوں میں شامل کیا جاسکتا ہے تاہم اس کا فیصلہ وکٹ کے برتاؤ پر منحصر ہے ۔ مقابلہ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا ۔