ہند ۔ اسرائیل صیانتی تعاون معاہدہ پر دستخط

نئی دہلی ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور اسرائیل نے آج دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کوششوں کو استحکام عطا کرنے اور باہمی صیانتی تعلقات میں اضافہ کیلئے تین معاہدوں پر دستخط کئے۔ یہ معاہدات باہمی قانونی امداد معاہدہ برائے فوجداری معاملات، معاہدہ برائے تحفظ زمرہ بند مواد اور معاہدہ برائے تعاون برائے آبائی وطن و عوامی صیانت ہیں۔ تینوں معاہدوں پر اسسٹنٹ سکریٹری وزارت داخلہ راجیوشرما اور سفیر اسرائیل برائے ہندوستان اینل پشپیز نے دستخط کئے۔ ایک معاہدہ پر وزارت دفاع کے ڈائرکٹر امیرکائن نے دستخط کئے۔ وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی سفارتخانہ سے جاری کردہ صحافتی بیان میں کہا گیا ہیکہ اسرائیل ان معاہدوں کو دونوں ممالک کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کی جاری کوششوں کا ایک حصہ سمجھتا ہے جو اپنے شہریوں، ان کے اثاثہ جات اور ان کے مفادات کے تحفظ کے مشترکہ پختہ ارادہ پر مبنی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ ہمیں یقین ہیکہ یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ایک اور اہم پلیٹ فام ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ وزارت داخلہ اس سلسلہ میں ہماری ستائش اپنی قیادت تک پہنچادے۔ اسرائیل کے وزیر برائے عوامی صیانت اتزاک انارونووچ نے کہا کہ معاہدات پر دستخط اسرائیل کی ہندوستان کے ساتھ مساوات اور ٹھوس بنیادوں پر شراکت داری کی ایک بہترین مثال ہے۔

اقل ترین پنشن ایک ہزار روپئے کی آج منظوری ممکن
نئی دہلی ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ امکان ہیکہ کل اقل ترین ماہانہ پنشن ایک ہزار روپئے یقینی بنانے کی پنشن اسکیم کے تحت منظوری دے گی جو وظیفہ پر سبکدوشی کے فنڈ کے ادارے ای پی ایف او کے تحت ہے۔ اس سے فوری طور پر 28 لاکھ وظیفہ یابوں کو فائدہ پہنچے گا۔ قبل ازیں جاریہ ماہ اے پی ایف او کے ٹرسٹیز نے اقل ترین پنشن ایک ہزار روپئے کی منظوری دے دی ہے۔