ہند ۔ آسٹریلیا مقابلہ بارش کی نذر، دھونی کی ٹیم کو شدید نقصان

سڈنی ۔ 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سہ رخی سیریز میں یہاں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ بارش کی نظر ہوگیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو۔ دو نشانات کی تقسیم عمل میں آئی ہے جس کی وجہ سے ہندوستان کو فائنل میں رسائی کی امید کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بارش کی وجہ سے پہلے ہی مقابلہ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 11.30 بجے شروع ہوا لیکن 16 اوورس کے کھیل کے بعد بارش نے پھر مقابلہ کو متاثر کردیا جس وقت 16 اوورس کے بعد کھیل کو روک دیا گیا تھا اس وقت ہندوستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنا لئے تھے۔ ہندوستانی ٹیم جس کو آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں رسائی حاصل کرنے کیلئے اس مقابلہ میں کامیابی اشد ضروری تھی لیکن بارش کی وجہ سے جو نتیجہ حاصل ہوا ہے اس کے بعد 30 جنوری کو پرتھ کے واکا میدان پر انگلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا مقابلہ ناک آوٹ مقابلہ کی حیثیت حاصل کرچکا ہے کیونکہ جو ٹیم اس مقابلہ میں کامیابی حاصل کرے گی وہ یکم ؍ فبروری کو آسٹریلیا کے خلاف یہیں خطابی مقابلہ کھیلے گی۔ آج کے مقابلہ کے نتیجہ کے بعد آسٹریلیائی ٹیم 15 نشانات کے ذریعہ پہلے مقام پر فائز ہے جو اس مقابلہ سے قبل ہی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی تھی۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کو صرف دو نشانات حاصل ہیں جبکہ انگلینڈ نے اپنے گذشتہ مقابلہ میں ہندوستان کو جامع شکست دیتے ہوئے 5 نشانات حاصل کئے تھے اور اس طرح 30 جنوری کو کھیلے جانے والے مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ ٹیم کم از کم 4 نشانات حاصل کرسکتی ہے جس کے ذریعہ ہندوستان کو بھی فائنل میں رسائی کا موقع حاصل رہے گا۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج کا مقابلہ بارش کی وجہ سے پہلے ہی 40 منٹ دیر سے شروع ہوا ۔ مقابلہ کا جب آغاز ہوا تو ہندوستانی ٹیم کو پھر ایک مرتبہ ناقص فام کا شکار شکھردھون کا جلد ہی نقصان برداشت کرنا پڑا جنہوں نے 7 ویں اوور میں آوٹ ہونے سے قبل 8 رنز اسکور کئے جس کے بعد 13 ویں اوور میں امباٹی رائیڈو بھی پویلین لوٹ گئے۔