ہند ۔ آسٹریلیا سیریز کا آج فیصلہ کن دن ؟

دھرم شالہ ۔ /26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں 4 مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ دھرم شالہ میں کھیلا جارہا ہے جہاں ابتدائی 2 دنوں کے کھیل کے بعد کوئی بھی ٹیم واضح سبقت اور مستحکم موقف میں دکھائی نہیں دے رہی حالانکہ ابتدائی دن ایک موقع پر آسٹریلیائی ٹیم 144/1 کے ذریعہ مستحکم موقف میں دکھائی دے رہی تھی کہ اچانک ساری ٹیم 300 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور دوسرے دن ہندوستانی ٹیم چند ایک مواقع پر پہلی اننگز میں سبقت کی سمت گامزن دکھائی دینے لگی لیکن کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنزاور آسٹریلیا کے اسکور سے ہنوز 52 رنز پیچھے رہنے کے بعد مقابلہ کا تیسرا دن کافی اہمیت کا حامل ہوگیا ہے اور امید ہے کہ تیسرے دن کا کھیل سیریز کے لئے فیصلہ کن بھی ثابت ہوسکتا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے لئے رویندر جڈیجہ اور ویرھیمان سہاہا کی جوڑی اہمیت کی حامل ہوگی کیونکہ ان کھلاڑیوں نے 7 ویں وکٹ کیلئے 27 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی ہے اور اگر یہ جوڑی تیسرے دن میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے کے لئے ایک ٹھوس شروعات فراہم کروانے میں کامیاب ہوئی ہے تو مقابلہ کا نتیجہ ہندوستان کے حق میں ہونا شروع ہوسکتا ہے اور اگر دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم ہندوستان کی ماباقی 4 وکٹوں کو جلد حاصل کرنے کے علاوہ کچھ بہتر سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہوکر ہندوستان کو مقابلے کی چوتھی اننگز میں ایک مشکل نشانہ دیتے ہوئی اسے کامیابی سے دور بھی کرسکتی ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ دوسری اننگز میں 220 تا 250 رنز کا نشانہ مقابلے کو ڈرامائی صورت حاصل فراہم کرسکتا ہے ۔ یاد رہے دھرم شالہ کی وکٹ ٹسٹ کے دوسرے ہی دن سے اسپنرس کیلئے انتہائی سازگار دکھائی دے رہی ہے جہاں گیند ٹرن لینے کے علاوہ باؤنس بھی ہورہی ہے ۔ نیز لوکیش راہول ، چیٹیشور پجارا اور اجنکیا راہا نے نے بہتر شروعات کے بعد ایک بڑی اننگز نہیں کھیلی جس سے بھی ہندوستان کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ۔