ہند ۔ آسٹریلیا دوسرا ٹوئنٹی 20 مقابلہ بارش کی نذر

ملبورن ۔ 23 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف واپسی کی اُمید پر پانی پھرگیا کیونکہ یہاں منعقدہ دوسرا ٹوئنٹی 20 مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا حالانکہ آسٹریلیا نے 19 اوور کی اپنی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان سے 132 رنز اسکور کئے اورہندوستان کو مقابلے میں کامیابی اور سیریز میں واپسی کیلئے 133 رنز کا نشانہ دیا جوکہ آسان لگ رہا تھا لیکن پہلی اننگز کے اختتام کے بعد بارش کی آمد نے کھیل کو دوبارہ شروع ہونے نہیں دیا حالانکہ ایک موقع پر یہ اُمید بھی جاگی تھی کہ ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت ہندوستان کو کامیابی کیلئے 5 اوورس میں 46 رنز کانشانہ دیا جائے گا لیکن بارش اورگیلے میدان کی وجہ سے یہ بھی ممکن نہ ہوسکا ۔ قبل ازیں ہندوستان نے دوسری مرتبہ متواتر ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا ۔ آسٹریلیا کے لئے سب سے زیادہ اور ناقابل شکست 32 رنز کی اننگز اُبھرتے نوجوان بیٹسمین مائیک ڈرمٹ نے کھیلی جس کے لئے انھوں نے 30 گیندوں کاسامنا کیا جس میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے ۔ دیگر بیٹسمینوں میں میکس ویل (19) ، کلٹرنائیل (18)، ڈے سی شارٹ (14)، لین (13)اور اینڈریو ٹائی نے ناقابل شکست 12 رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان کیلئے بھونیشور کمار نے اپنے تین اوورس میں 20 رنز کے عوض 2 اور خلیل احمد نے 4 اوورس میں 39 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ دیگر بولروں میں جسپریت بمرا،کلدیپ یادو اورکرونال پانڈیا نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی ۔ یادرہے کہ پہلے مقابلے میں ڈرامائی صورتحال کے بعد آسٹریلیائی ٹیم نے 4 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 3 مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ اتوار کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا ۔