ہند و پاک کے درمیان ایک بار پھر کرکٹ ڈپلومیسی کھیلے جانے کا امکان

اسلام آباد۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ میں ایک بار پھر کرکٹ ڈپلومیسی کھیلے جانے کی امید ہے۔ برطانوی حکومت کے ایک عہدیدارنے بتایا ہے کہ برطانیہ ،ہند ۔ پاک وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کروانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ جون میں ہونے والے عالمی کپ میں کئی ممالک کے سربراہان اپنی ٹیم کے میچز دیکھنے کیلئے برطانیہ آئیں گے ، پاکستانی وزیراعظم عمران خان بھی 3روزہ دورہ پر برطانیہ جا ئیں گے جہاں وہ پاکستان کے 2میچز دیکھیں گے ، اسی طرح ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی یا جو بھی ہندوستان کا وزیراعظم ہوگا ،وہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے میچز دیکھنے برطانیہ جائے گا تو ان کی ملاقات عمران خان سے کروائی جائے گی۔برطانوی حکومت کے عہدیدارنے کہا ہے کہ برطانیہ چاہتا ہے اس علاقے کے تمام ممالک امن کیساتھ رہیں اور برطانیہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان بھی کشیدگی ختم کروانا چاہتا ہے ۔