ہند اور آسٹریلیا کے درمیان آج فائنل میچ

مسلسل چار ناکامیوں کے بعد وائٹ واش سے بچنے مہمانوں کی کوشش
سڈنی ۔ 22 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے ہاتھوں لگاتار چار بدترین شکستوں سے دوچار ایک پست حوصلہ ہندوستانی ٹیم کل یہاں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ونڈے انٹرنیشنل میچ میں کم سے کم ایک کامیابی حاصل کرتے ہوئے وائٹ واش سے بچنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم اگرچہ ابتدائی تین میچوں میں 300 سے زائد رن کا مجموعی اسکور بناتے ہوئے میزبان ٹیم کو سخت مقابلہ سے دوچار کیا تھا لیکن کینبرا میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں وہ کامیابی کے ہدف تک رسائی میں بری طرح ناکم ثابت ہوئی تھی۔ چنانچہ ہندوستانی ٹیم ایڈیلیڈ میں 26 جنوری سے شروع ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی ۔ 20 سیریز کے آغاز سے قبل کم سے کم رواں سیریز کے آخری میچ میں مثبت نتیجہ برآمد کرتے ہوئے اپنے پست حوصلوں کو بلند کرنے کی مقدور بھر مساعی کررہی ہے ۔ آسٹریلیائی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پہلی ونڈے سیریز بھی ہے اور نیلے یونیفارم والی ( ہندوستانی )ٹیم پریشان کن حالات میں شکست اُٹھاتے ہوئے کسی مایوس کن ریکارڈ سے گریز کرنا چاہتی ہے ۔ مہمان ٹیم اگرچہ چار میچوں میں مسلسل ناکاموں کا جواب تلاش کرنے میں مصروف ہے لیکن میزبانوں نے 50 اوور کے فائنل میچ سے ایک دن قبل آج عملاً چھٹی منائی ۔ اس کے کئی کھلاڑیوں نے ذریعہ کار یہاں پہونچ کر آرام کیا ۔ ان کے ڈریسنگ رومس بھی خاموش رہے ۔ موسمی حالات کے سبب ہندوستانی ٹیم آج پریکٹس نہیں کرسکی ۔ کل کے میچ کے بارے میں بھی غیریقینی پائی جاتی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔