ویسٹ وین کوور۔/26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہاکی ورلڈ لیگ راؤنڈ 2 کے ایک مقابلہ میں ہندوستانی وویمنس ٹیم نے چلی کے خلاف اپنا مقابلہ 2-2 سے برابر کرلیا ہے ۔ یہاں کھیلے گئے مقابلے میں چلی نے میچ کا شاندار طریقہ سے آغاز کیا اور 18 ویں منٹ میں ہی اگسٹینا وینیجیس کے گول کی بدولت 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ۔ تاہم یہ سبقت ہندوستانی کھلاڑیوں نے زیادہ دیر تک رہنے نہیں دی ۔ 35 ویں منٹ میں ہندوستانی ٹیم نے انوپما برلا کے گول کی بدولت حریف ٹیم کی سبقت کو ختم کیا اور 36 ویں منٹ میں وندنا کتریا نے گول کرتے ہوئے ہندوستان کو سبقت دلادی تھی لیکن 53 ویں منٹ میں پھر ایک مرتبہ اگسٹینا نے گول کرتے ہوئے مقابلہ ڈرا کیا ۔