ممبئی 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈکپ کے 15 فروری کو ایڈیلیڈ اوول میں پاکستان کے خلاف کھیلنے والی ہندوستانی ٹیم میں اس مرتبہ سچن تنڈولکر کی کمی محسوس کی جائے گی جو دو حریف ملکوں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں پہلی مرتبہ شامل نہیں رہیں گے۔ مایہ ناز بیٹسمین سچن جو 24 سالہ شاندار کیرئیر کے بعد ریٹائر ہوچکے ہیں اور ماضی میں ورلڈکپ کے لئے ان دو کٹر حریفوں کے درمیان مقابلہ میں پانچ مرتبہ حصہ لے چکے ہیں، اُنھیں تین مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ بھی حاصل ہوا تھا اور برصغیر کی دو طاقتور ٹیموں کے درمیان تمام مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم کو ہی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ یہ بھی ایک اتفاق ہے کہ پاکستان کے خلاف ماسوائے ایک دیگر تمام کامیابیاں ماہ مارچ میں ہی حاصل ہوئی تھیں۔ تنڈولکر نے 1992 ء میں ورلڈکپ کھیل کا آغاز کیا تھا جب یہ میگا ایونٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد ہوا تھا۔ جس میں اُنھوں نے ایک اہم ننگز کھیلا تھا اور 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
علاوہ ازیں عامر سہیل کا ایک اہم وکٹ بھی حاصل کیا تھا۔ اس طرح وہ مین آف دی میچ بھی قرار دیئے گئے تھے۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ہندوستانی ٹیم کو پاکستان پر پہلی فتح حاصل ہوئی تھی اور ورلڈکپ میں برصغیر کی دو طاقتور ٹیموں کے درمیان یہ پہلا مقابلہ بھی تھا۔ چار سال قبل سچن نے موہالی میں کھیلے گئے ورلڈکپ سیمی فائنل میں 85 رن بنایا تھا۔ دو ایشیائی حریفوں کے مابین ورلڈکپ مقابلے میں سچن تیسری مرتبہ مین آف دی میچ قرار دیئے گئے تھے۔ جس کے چند دن بعد ممبئی میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا کو شکست دیتے ہوئے ورلڈکپ پر فتح حاصل کرنے کیلئے ہندوستانی ٹیم کی راہ ہموار کی تھی۔ ورلڈکپ ٹورنمنٹ میں پاکستان کے خلاف کھیل میں پہلی اور آخری مرتبہ شمولیت کے علاوہ تنڈولکر نے 1996 ء کے دوران بنگلور میں کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں 31 رن بنایا تھا۔ اُنھوں نے اولڈ ٹرافورڈ میں 1999 ء کے دوران گروپ نتیجہ میں 45 رن بنایا تھا۔ بعدازاں اپنے والد کی آخری رسومات ادا کرنے کیلئے ممبئی واپس ہوگئے تھے۔ سچن تنڈولکر نے جنوبی افریقہ کے سنچورین پارک میں ناقابل فراموش 98 رن بھی بنایا تھا جس کی بنیاد پر ہندوستان کو پاکستان کی طرف سے مقررہ ہدف مکمل کرنے میں مدد ملی تھی۔ 2007 ء کے دوران ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ٹورنمنٹ میں ہندوستان اور پاکستان ابتدائی مقابلوں میں ہری بری طرح پچھڑ گئے تھے اور ورلڈکپ میں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آسکے تھے۔ سچن نے ورلڈکپ کے پانچ میچوں میں 313 رن بنایا اس طرح ان کی رنز کا اوسط 78.05 رہا۔ بالخصوص پاکستان کے خلاف مقابلوں میں سچن تنڈولکر کا مظاہرہ دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں کے بہ نسبت زیادہ بہتر رہا۔ ان کے علاوہ دیگر دو ہندوستانی کھلاڑی محمد اظہرالدین (118) اور راہول ڈراویڈ (105) جنھیں صرف دو ورلڈکپ میچ کھیلنے کا موقع ملا تھا، سنچری سے زائد رن بنایا تھا۔
گرینک چیس راؤنڈ ۔ 2 ، آنند ۔ نائیڈش مقابلہ ڈرا
بیڈن 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شطرنج کے پانچ مرتبہ عالمی چمپئن رہ چکے وشواناتھن آنند آج جرمنی کے اس شہر میں کھیلے گئے گرینک چیس کلاسک کے دوسرے مرحلے میں ملنے والے بہترین موقعوں سے استفادہ نہیں کرسکے اور غلط چال چلتے ہوئے اچھے کھیل کامیابی کا موقع ضائع کردیا۔ اس کے باوجود وہ میزبان ملک کے ارکادج نائیڈش کے ساتھ کھیل ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ لیکن سفید مہروں کے ساتھ یہ ڈرا آنند کے لئے مہنگا ثابت ہوسکتا ہے۔ بالخصوص اس لئے کہ ان کا موقف واضح طور پر بہتر ہے۔ ہندوستان کے سرکردہ شاطر آنند کا یہ لگاتار دوسرا ڈرا ہے۔ گزشتہ روزاٹلی کے فابیانو کے ساتھ ان کا افتتاحی مقابلہ بھی برابری پر ختم ہوگیا تھا۔