ہند۔ پاک مذاکرات منسوخ کرنے کی مذمت

نئی دہلی۔ 31؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج نریندر مودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے تعطل کو ’چائے کی پیالی میں طوفان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ علیحدگی پسند حریت کانفرنس کو جان لینا چاہئے کہ ہندوستان کی موجودہ حکومت کے لئے مذاکرات کا احیاء ایک مشکل کام ہے۔ وہ جموں و کشمیر قانون ساز کونسل میں منظورہ قرارداد کے بارے میں تبصرہ کررہے تھے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات منسوخ کرنے سے ریاست کے عوام کے حوصلے پست ہوئے ہیں۔ انھوں نے بی جے پی کے ’مشن۔44‘ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بالی ووڈ کی مانند پُرکشش نعرے جیسے ’لوجہاد‘ وضع کئے جارہے ہیں۔ بی جے پی یہ ظاہر کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ علیحدگی پسندوں سے بہت قریب ہے۔ اس نے بعض نشستوں پر رائے دہی کا رائے دہی کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ بنیادی طور پر یہ وہی حلقے ہیں جنھیں گزشتہ انتخابات میں بی جے پی سے چھین لیا گیا تھا۔