ہند۔ پاک سیاسی اور اسپورٹس تعلقات میں بہتری ہو: عمران

کراچی ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیاسی اور کھیل کے تعلقات کو مستحکم کیا جانا چاہئے جس کے ذریعہ علاقہ میں امن اور ایک دوسرے کا تعاون کرنا یقینی ہوسکتا ہے ۔ عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میرے خیال میں کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم رول ادا کرتی ہے ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جو فی الحال تحریک انصاف جماعت کے صدر بھی ہیں جسے پاکستان میں اہم اپوزیشن کا موقف حاصل ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ بہت کچھ حاصل کرسکتے ہیں لیکن اس کے لئے دونوں میں باہمی تعاون اور امن ضروری ہے ۔ عمران خان کے بموجب پاکستان اور ہندوستان میں تعلقات بہتر نہ ہونے کی وجہ سے دونوں پڑوسی ممالک کو نقصان ہورہا ہے ۔ دوبئی میں ایک نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلق کی بحالی صرف کھیل کیلئے ہی نہیں بلکہ خطہ میں دونوں ممالک کی ترقی کیلئے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔ عمران خان نے پاکستان کے موجودہ دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بائیں ہاتھ کے یہ بولر ٹیم کو کامیابی دلوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ عمران خان نے 7 فٹ طویل فاسٹ بولر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں ہے اور جس طرح پاکستان کو فاسٹ بولر دستیاب ہیں دوسرا ملک اس معاملے میں خوش قسمت نہیں۔

ومبلڈن کی انعامی رقم میں اضافہ
ومبلڈن ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام ) رواں برس سیزن کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن 2014 کی انعامی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 25 ملین پاؤنڈ کردیا گیاہے اور اس طرح پہلے ہی راؤنڈ میں شکست برداشت کرنے والے کھلاڑیوں کو گزشتہ کی بہ نسبت 10 فیصد زائد انعامی رقم ملے گی ۔ سنگلس میں خطاب حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو اس مرتبہ 1.76 ملین پاؤنڈ انعامی رقم حاصل ہوگی جوکہ گزشتہ برس کے برعکس 160,000 پاؤنڈ زیادہ ہوگی ۔