ہند۔ ویسٹ انڈیز کھلاڑیوں کی دلائی لاما سے ملاقات

دھرم شالہ۔ 13؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ تبت سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنما دلائی لاما ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہاں 17 اکٹوبر کو ایچ پی سی اے میں منعقد شدنی سیریز کے چوتھے مقابلہ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو اپنی نیک تمناؤں سے نوازیں گے۔ آندھرا پردیش کے مقام ویزاگ میں ہدہد طوفان کی وجہ سے اب جب کہ تیسرا ونڈے منسوخ ہوگیا ہے، لہٰذا دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہماچل پردیش کے شہر کی طرف روانہ ہوچکے ہیں۔ ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن کے ترجمان سنجے شرما نے کہا ہے کہ میچ کے دوران ان کی موجودگی کھلاڑیوں کے علاوہ عام شائقین کے لئے بھی ہمت افزائی کا باعث بنے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ دلائی لاما مقابلہ کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں سے ملاقات کرنے کے علاوہ انھیں تبت کے اسکاف بھی دیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مرتبہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے بھی دلائی لاما سے ملاقات کی تھی۔