جمیکا ۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ پر نظرثانی میں مصروف ہوگیا ہے۔ بی سی سی آئی کی درخواست پر ٹیم کے دورے کی توارخ تبدیل کردی گئی ہیں اور ایک اضافی پریکٹس میچ دینے کے ساتھ کیریبیین پریمیئرکو بھی موخرکردیا۔کوہلی کی ٹیم کو آئی سی سی فیوچر ٹورز پروگرام کے مطابق ورلڈکپ کے فوری بعد14جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہونا تھا، لیکن بی سی سی آئی حکام نے اپنے پلیئرز کیلئے طویل سیزن کے بعد تھوڑا وقفہ اورآرام ممکن بنانے کیلئے ویسٹ انڈیز سے التو کی درخواست کی۔ ساتھ ہی ٹور میں ایک تین روزہ وارم اپ میچ بڑھانے کیلئے بھی کہا تھا۔سیریز میں دو ٹسٹ، تین ونڈے اور دو ٹوئنٹی20 کھیلے جانے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ ویسٹ انڈیز نے اس بخوشی آمادگی ظاہرکردی ہے۔ اب سیریز کا انعقاد اگست کے پہلے ہفتے سے ستمبر کے اوائل تک ہوگا۔ نئے شیڈول کی منظوری 14مئی کو بورڈ اجلاس میں دی جائے گی۔ ہندوستانی درخواست کو عملی جامہ پہنانے کی خاطر میزبان بورڈ نے کیریبین پریمئر کو جو21 اگست سے27 ستمبر کے درمیان کھیلی جانی تھی، آگے بڑھا دیا ہے۔ اب سی پی ایل چار ستمبر سے 12 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ ویسٹ انڈیز بورڈ حکام نے اس التوا کی وجہ ہندوستان کیخلاف ہوم سیریز کے ٹکرائو سے بچنا بتائی ہے۔