نئی دہلی۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم اکتوبر میں کھیلی جانے والی گھریلو سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ، پانچ ونڈے اور تین ٹوئنٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (ڈبلیوآئي سي بی) نے آج دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے پروگرام کا اعلان کیا۔ 4 اکتوبر سے 11نومبر تک کھیلی جانے والی سیریز میں دو ٹسٹ میچوں کے بعد پانچ ونڈے اور تین ٹوئنٹی20 میچ کھیلے جائیں گے ۔ہندستان اور ونڈیز کے درمیان پہلا ٹسٹ راجکوٹ میں4 تا8 اکتوبر اور دوسرا ٹسٹ حیدرآباد میں12 تا16 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔ پانچ میچوں کی ونڈے سیریز کا پہلا میچ 21 اکتوبر کو گوہاٹی میں، دوسرا ونڈے24 اکتوبر کو اندور، تیسراونڈے27 اکتوبر کو پونے ،چوتھا ونڈے29 اکتوبر کو ممبئی اور پانچواں اورآخری ونڈے یکم نومبرکو ترواننتپورم میں کھیلا جائے گا۔دونوں ممالک کے درمیان تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کا پہلا میچ چار نومبر کو کولکتہ، دوسرا میچ چھ نومبر کو لکھنؤ اور تیسرا میچ 11 نومبر کو چینائی میں کھیلا جائے گا۔