ہند۔ ونڈیزکرکٹ تعلقات کے 70 سال مکمل

راجکوٹ۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹسٹ کرکٹ تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے جا رہے ہیں۔ہندستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کرکٹ تعلقات کی شروعات ہندستان کی آزادی کے بعد1948 میں ہوئی تھی جب ویسٹ انڈیز نے پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے نومبر میں ہندستان کا دورہ کیا تھا۔ ہندوستان کا کرکٹ سفر 1932 میں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز سے شروع ہوا تھا جس کے بعد اگلی تین سریز بھی انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئیں۔ہندستان نے 1947-48 میں آسٹریلیا سے پانچ میچوں کی سیریز کھیلی۔ اس کے بعد ویسٹ انڈیز نے 1948-49 میں ہندستان کا دورہ کیا اور پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز1-0 سے جیتی۔ ہندستان نے آخری مرتبہ2016 میں ویسٹ انڈیز میں چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلی تھی اور اسے کوہلی کی کپتانی میں 2-0 سے جیتا تھا۔ کوہلی کی کپتانی میں ہندستان ویسٹ انڈیز کی دو ٹسٹ میچوں کے لئے میزبانی کرنے جا رہا ہے جس کا پہلا ٹسٹ راجکوٹ میں 4 اکتوبر سے شروع ہو گا۔ ہندستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اب تک 94 ٹسٹ کھیلے ہیں جن میں سے اس نے 18 جیتے ہیں، 30 ہارے ہیں اور46 میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے ۔ ہندستان نے اپنی ٹسٹ تاریخ میں سب سے زیادہ 122 ٹسٹ انگلینڈ کے خلاف کھیلے ہیں اور اس کے بعد آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کا نمبر ہے جن کے خلاف اس نے فی کس94 ٹسٹ کھیلے ہیں۔ راجکوٹ کے میدان میں اب تک ایک ٹسٹ کھیلا گیا ہے اور2016 نومبر میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا گیا یہ ٹسٹ ڈرا رہا تھا۔ ویسٹ انڈیز نے 2013-14 میں ہندستان کا دورہ کیا تھا اور دو میچوں کی سیریز 0-2 سے گنوائي تھی۔ اس سے پہلے 2011-12 میں بھی ہندستان نے ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی جبکہ2011 میں ہندوستان نے ویسٹ انڈیز میں تین میچوں کی سیریز 1-0 سے جیتی تھی۔ سال2006 میں بھی ہندستان نے ویسٹ انڈیز میں چار میچوں کی سیریز1-0 سے جیتی تھی۔2002-03 میں ہندوستان نے تین میچوں کی گھریلو سیریز میں ویسٹ انڈیز کو2-0 سے شکست دی تھی۔ ہندستان آخری مرتبہ ویسٹ انڈیز سے2002 میں پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز 1-2 سے ہارا تھا۔ اس طرح ہندستان گزشتہ 16 سال میں ویسٹ انڈیز سے کوئی ٹسٹ سیریز نہیں ہارا ہے اور اس بار بھی امید کی جا رہی ہے کہ کوہلی کی ٹیم اس سلسلے کو برقرار رکھے گی۔ ہندستانی ٹیم اپنے گھریلو میدان میں 2012-13 سے ناقابل شکست ہے ۔ ہندستان کو آخری مرتبہ گھریلو میدان میں انگلینڈ نے 2012-13 میں چار میچوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ ویسٹ انڈیز کا کرکٹ سفر 1928 میں شروع ہوا تھا جس کے بعد سے90 سال میں اس نے 535 ٹسٹ کھیلے ہیں اور171 جیتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز نے188 ٹسٹ گنوائے ہیں، ایک ٹائی رہا ہے اور175 ڈرا کھیلے ہیں۔ ہندستان نے ویسٹ انڈیز کا آغاز کے چار سال بعد اپنا ٹسٹ سفر1932 میں شروع کیا اور اس نے اب تک 527 ٹسٹ کھیلے ہیں جن میں 146 جیتے ہیں، 164 ہارے ہیں، ایک ٹائی کیا ہے ۔