ساؤتھمپٹن۔یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ٹیم چوتھے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے بنیاد بنالی ہے جیسا کہ مہمان بولروں نے انگلینڈ کو 100 رنز کی سبقت سے پہلے ہی 5 وکٹوں کا نقصان برداشت کرنے پر مجبور کردیا۔ تادم ِ تحریر انگلش ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان کے بعد 122 رنز اسکور کر پائی ہے اور اسے صرف 95 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ جیوروٹ 48 رنز بناکر محمد سمیع کے راست تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے حالانکہ معین علی کو نمبر 3 پر بیٹنگ کی ذمہ داری دیتے ہوئے تجربہ کیا جو ناکام رہا اور وہ 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ قبل ازیں دوسرے دن ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 273 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جس میں چیٹشیور پوجارا نے 132 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت ہندوستان کو سبقت حاصل ہوئی۔ٹسٹ میچ کے دوسرے دن ہندوستان نے 19 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو کے ایل راہول 19 اور دھون 23 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔تیسری وکٹ پر کپتان کوہلی اور پوجارا اسکور کو 142 رنز تک لے گئے، اس موقع پر کوہلی 46 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔میچ میں انگلینڈ کے اسپنر معین علی نے 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 195 پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد پوجارا نے اشانت شرما اور پھر بمرا کے ساتھ مل کر اسکور کو 273 رنز تک پہنچایا۔ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگزمیں 27 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔معین علی نے 5 اور براڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔