لندن 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ نے پانچویں اور آخری ٹسٹ کرکٹ میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بیاٹنگ کیلئے ہندوستانی ٹیم کو دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے بیاٹنگ کیلئے میدان میں اتری ٹیم انڈیا نے لنچ کے وقفہ تک محض 43 رنز پر اپنے پانچ وکٹ گنوا دیئے ۔ انگلینڈ کے بولروں نے کپتان کُک کے پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلہ کو درست ثابت کرتے ہوئے پہلے ہی مرحلہ میںمحض 16 اوورس میں گوتم گھمبیر 0 ،چیتشور پجارا 4 ، ویراٹ کوہلی 6 ، اجنکیا راہانے 0 رنز بناکر آوٹ ہوگئے ۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ محض تین رنز کے اسکور پر گر گیا ۔ گوتم گھمبیر اینڈرسن کی گیند پر بٹلر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے ۔ دوسری وکٹ کی شکل میں 10 رنز کے اسکور پر پجارا محض چار رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ چیتشور پجارا براڈ کی گیند پر بولڈ قرار دیئے گئے ۔ پوری سیریز میں فلاپ چل رہے ویراٹ کوہلی تیسری وکٹ کی شکل میں صرف 6 رنز بناکر جارڈن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے ۔ اجنکیا رہانے کیچنگ پریکٹس کراتے ہوئے جارڈن کو ریٹرن کیچ تھما کر میدان سے چلتے بنے ۔
8 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے انہوں نے ٹیم کے اسکور میں کوئی حصہ داری ادا نہیں کی ۔ پانچویں وکٹ کی شکل میں اوپننگ بیٹسمین مرلی وجئے آوٹ ہوئے ۔ انہوں نے 64 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف 18 رنز بنائے ۔ اور پھر ووکس کی گیند پر جورٹ نے مرلی وجئے کا کیچ لے لیا ۔جس کے بعد مہیندر سنگھ دھونی اور اسٹیورٹ بنی میدان میں جدوجہد کرتے دیکھے گئے ۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں ۔ اس نے پنکج سنگھ کی جگہ تیز بولر ایشانت شرما اور رویندر جڈیجا کی جگہ پر اسٹیوریٹ بنی کو آخری مرحلہ کیلئے رکھا ہے جبکہ انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے ۔
تاہم آوٹ فیلڈ نگ نمی ہونے کی وجہ سے ٹاس میں آدھے گھنٹے کی تاخیر ہوئی ۔ واضح رہے کہ ہندوستان جاریہ سیریز میں 2-1 سے پیچھا چل رہا ہے ۔جبکہ ہندوستان کیلئے یہ میچ کافی اہم ہے ۔ ہندوستان کے سامنے نہ صرف کامیابی حاصل کر کے سیریز کی شکست کو ٹالنے کا ہدف سامنے ہے بلکہ پچھلے دو میچوں میں ملنے میں والی زبردست شکست سے خود کو ابھرنے اور کھوئے ہوئے وقار کو بچانا بھی ان کی ذمہ داری ہے ۔ قبل ازیں انگلینڈ نے ہندوستان کو منچسٹر میں ہوئے چوتھے میچ میں صرف ڈھائی دنوں میں 54 رنوں کے فرق سے شکست دی تھی اور اس طرح انگلینڈ کو جاریہ سیریز میں 2-1 سے سبقت حاصل ہوگئی ۔ دریں اثناء لندن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مہندر سنگھ دھونی نے انگلینڈ کے خلاف اوول میں پانچویں ٹسٹ میچ میں ٹاس کرنے کے ساتھ ہی غیر ملکی سرزمین پر سب سے زیادہ میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنے کے سورو گنگولی کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے ۔ ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ 58 ٹسٹ میچوں میں کپتانی کا ریکارڈ رکھنے والے مہندر سنگھ دھونی بیرونی سرزمین پر 28 ویں بار ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔اسی طرح گنگولی نے بھی 28 میچوں میں غیر ملکی سرزمین پر ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی تھی ۔ جس میں سے ہندوستان نے 11 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ 10 میچوں میں اسے شکست ملی ۔ دھونی کی کپتان میں اب تک کھیلے گئے 27 ٹسٹ میچوں میں ہندوستان نے چھ میچوں میں کامیابی درج کی ہے جبکہ 13 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
دھونی کی کپتانی میں ہندوستان نے غیر ملکی سرزمین پر گذشتہ 15 میچوں سے ایک صرف ایک مقابلہ میں کامیابی حاصل کی ہے ۔دوسری طرف سری لنکن میچ ریفری رنجن مدگلے نے بھی یہاں ریکارڈ بنائے ہیں ۔ سری لنکا کے سابق کپتان رنجن مدگلے آج یہاں جب انگلینڈ اور ہندوستان کے درمیان پانچویں اور آخری ٹسٹ میچ میں میچ ریفری کے طور پر اتر تو وہ 150 ٹسٹ میچ ریفری کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے آئی سی سی میچ ریفری کے سرفہرست پیانل کے پہلے رکن بن گئے ۔ مدگلے نے 1979 سے 1988 کے درمیان 21 ٹسٹ اور 63 ونڈے میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کی ہے اور اس دوران ٹسٹ میں 1029 جبکہ ونڈے میں 950 رنز بنائے ہیں۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک ہندوستانی ٹیم 44 رنز پر 6 وکٹیں گنواچکی تھی ۔