دبئی۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) رواں برس ایشیا کپ میں پاکستان اور ہندوستان کا مقابلہ 21 ستمبر کو متوقع ہے اور ونڈے طرز میں کھیلے جانے والے اس ٹورنمنٹ کے تمام میچز دبئی اور ابوظہبی میں ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق 18 ستمبر کو پہلا میچ پاکستان اور کوالیفائر کے درمیان ہوگا، اسی دن بنگلہ دیش کی ٹیم کا سری لنکا سے سامنا ہونا ہے، ہندوستان اپنا پہلا میچ اگلے روز کوالیفائرز کے ساتھ کھیلے گا۔21 ستمبر کو ہند۔پاک مقابلے کے ساتھ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان بھی مقابلہ طے ہے۔ اس سے قبل اگست میں ملائیشیا میں ایشیا کپ کوالیفائرز ایونٹ ہوگا جس کی فاتح ٹیم ایشیا کپ میں پہلے پاکستان اور بعد میں ہندوستان کا مقابلہ کرے گی۔ ایشیا کپ کا گذشتہ ایڈیشن ٹوئنٹی 20 طرز میں ہوا تھا تاہم آئندہ برس ورلڈ کپ کی وجہ سے اس مرتبہ یہ ایونٹ ونڈے طرز میں منعقد ہوگا۔
برڈیک ومبلڈن سے دستبردار
پراگ۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیک جمہوریہ کے ٹینس اسٹار تھامس برڈیک فٹنس مسائل کے باعث آئندہ ہفتہ سال کے تیسرے گرانڈسلام ومبلڈن ٹینس سے دستبردار ہو گئے۔ برڈیک نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں، ومبلڈن سے قبل فٹنس حاصل کرنے کیلئے بہت کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکا۔ ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرنے پر مایوسی ہوئی لیکن اب میں مکمل فٹنس حاصل کرنے کے بعد ہی دوبارہ میدان کا رخ کروں گا۔