دبئی۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کی کشیدگی کے باعث رواں سال جون میں ہونیوالے کرکٹ ورلڈکپ مقابلے پر خدشات کے سائے لہرانے لگے، اس کی وجہ ہندوستان کی پاکستان کیساتھ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ ہے۔ ہندوستانی پائلٹ ابھینندن کی رہائی کے بعد بظاہر کشیدگی میں کمی ہو گئی ہے، لیکن ہند۔پاک مانچسٹر میچ پر شکوک و شبہات ابھی تک برقرار ہیںکیونکہ اس میچ کا فیصلہ ہندوستانی سیاستدانوں کو کرنا ہے جوکہ اس وقت تک فیصلہ نہیں کریں گے جب تک میچ کا وقت قریب نہ آجائے۔ ہندوستانی کرکٹرز اور بورڈ کے حکام کہہ چکے ہیںکہ وہ حکومت کے فیصلے کی پابندی کرینگے۔ بی سی سی آئی کے سینئر عہدیدار ونود رائے نے رپورٹروںکو بتایا کہ پلوامہ حملے کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نام خط میں ورلڈکپ کے دوران سخت سکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ حکومت کی مشاورت سے کیا جائیگا۔کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا کہ وہ حکومت یا بورڈکے کسی بھی حکم کا احترام کریں گے۔