ہند۔پاک مقابلہ 20 ستمبر کوہونے کا امکان

نئی دہلی۔29 جولائی(سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کی جانب سے ایشیا کپ کے شیڈول پر شدید اعتراض کے بعد امکان ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اہم ترین میچ 19 کے بجائے 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی حکام نے لیگ مرحلے میں ہندوستانی ٹیم کے مسلسل دو دنوں میں دو مقابلے کھیلنے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے فہم سے عاری فیصلہ قرار دیا تھا کیونکہ پاکستان کو پروگرام کے مطابق ہندوستان کیخلاف میچ سے پہلے دو دن کا آرام مل رہا تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مقابلہ اب 20 ستمبر کو کھیلا جا سکتا ہے جبکہ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان آخری لیگ میچ میں بھی ایک دن کا فرق پڑ جائے گا لیکن ابھی اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ایشیاکپ کے شیڈول کے جاری کرنے کی بعد ہندوستانی ٹیم کے یکے بعد دیگرے دو دنوں میں دو مقابلوں پر شدید تنقید کی گئی ہے جس میں سابق اوپنر ویریندر سہواگ نے تو ہندوستانی ٹیم کو ٹورنمنٹ میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ تک دے دیا۔