دبئی۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے پھر کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کا میچ پروگرام کے مطابق ضرور ہوگا اور دونوں ملکوں میں حالیہ کشیدگی کے باوجود ابھی تک یہ میچ نہ ہونے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے رکن ممالک کے ساتھ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔بعض حلقوں کی جانب سے میچ میں شرکت نہ کرنے کے مطالبات کے باوجود کسی بورڈ کی جانب سے با ضابطہ طور پر اس بارے میں کچھ نہیںکہا گیا۔آئی سی سی کے مطابق کرکٹ ایسا کھیل ہے جس میں لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور یکجا کرنے کی حیران کن صلاحیت موجود ہے۔ ہند۔پاک میچوں کی غیر معمولی مقبولیت بھی اس کا واضح ثبوت ہے اور ہم اسی بنیاد پر آگے بڑھنے کیلئے اپنے ارکا ن کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔