ہند۔پاک مقابلہ دونوں ٹیموں کی سمت متعین کرے گا:آفریدی

کراچی۔31ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگیاور ہندوستان کے خلاف میچ آسان نہیں ہوگا۔آفریدی نے مزید کہا کہ ورلڈکپ میں پاکستان اورہندوستان کامیچ دونوں ٹیموں کی سمت متعین کرے گا،فیلڈنگ میں بہتری اور پارٹنر شپ مضبوط کرنے پر سخت محنت کرنا ہوگی،ٹیم انتظامیہ کومعلوم ہے کہ کہاں بہتری کے لیے کام کرنا ہے۔دریں اثناء پشاور میں ٹسٹ کرکٹر یونس خان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہیکہ واقعہ پر پوری پاکستانی ٹیم رو پڑی۔یونس خان اظہار یکجہتی کے لئے آرمی پبلک سکول پشاورپہنچے جہاں انہوں نے واقعہ کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں یونس خان نے معصوم بچوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ نیوزی لینڈکے کھلاڑیوں نے اپنی کٹس اور پیسے بچوں کے لئے بھیجے ہیں۔اس موقع پر فرسٹ کلاس کرکٹر حارث خان نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے منیجر کی جانب سے تعزیت کا پیغام پڑھ کرسنایا جس میں واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ نیوزی لینڈ ٹیم غم کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔