دبئی ۔19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )ماضی میں متحدہ عرب امارات میں شارجہ کا میدان ہند۔پاک کرکٹ مقابلوں کا سب سے اہم مرکز سمجھا جاتا تھا لیکن سیاسی وجوہات کی بنا ء پر یہ ان مقابلوں کی تعداد کم سے کم تر ہوتی گئی اور آخری مرتبہ ان دونوں ٹیموں نے 006 2ء میں ابوظہبی میں 2 ونڈے میچوں میں مقابلہ کیا تھا۔ پاکستان اور ہند کے مابین آخری ون ڈے میچ ایک سال قبل لندن کے اوول میدان پر کھیلا گیا تھا جب پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان کو 158 رنز سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی تھی۔ ایشیا کپ کے فارمیٹ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے یہ صرف ان دونوں ممالک کو کھیلتے ہوئے دیکھنے کا بہانہ ہو۔ ٹورنمنٹ میں ان دونوں کا پہلا مقابلہ گروپ میچ کی شکل میں ہوا، جس کے بعد یہ دونوں 23 ستمبرکو سوپر4 میں مدمقابل ہونگے اور اگر یہ دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں تو یہ اس ٹورنمنٹ میں ان دونوں کے درمیان تیسرا میچ ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ شائقین خوشی سے پھولے نہیں سما رہے جبکہ پہلے میچ کے لئے سب سے کم ٹکٹ 150درہم مالیت کا ہے جبکہ اس کے بعد 300، 550 اور 750 درہم مالیت کے ٹکٹ رہیں جبکہ کارپوریٹ باکس کے ٹکٹ کی قیمت 5 ہزار اور وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 6 ہزار درہم ہے۔ڈیڑھ سو درہم کا ٹکٹ بلیک میں 500 سے لے کر 600 درہم میں فروخت ہوا ہے۔دوسرے ملکوں سے بھی شائقین اس میچ کے لئے دبئی پہنچ رہے ہیں۔