ہند۔پاک سیریز ہونی چاہئے:سہواگ

دبئی۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے ہندوستان سے بھی آوازبلند ہونے لگی ہیں۔دبئی میں ایک اسپورٹ مارکیٹنگ کمپنی کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق اوپنر وریندرسہواگ اور پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر شریک ہوئے، دونوں نے اس بات پراتفاق کیاکہ پاکستان اور ہندوستان میں باہمی کرکٹ مقابلے شروع ہونے چاہئیں۔سہواگ نے کہاکہ بطور کھلاڑی ہم لوگ امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیریز ہونی چاہیے، اگر یہ دونوں ممالک میں نہیں ہوسکتی تو پھر اسے کسی اور جگہ منعقد ہونا چاہیے۔ چیمپئنز ٹرافی میں دو مرتبہ ہند۔پاک ٹیمیں ایک دوسرے کی مدمقابل ہوئیں ہیں اور دونوں ہی مرتبہ نہ صرف اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا بلکہ کروڑوں ناظرین ٹی وی پر ان میچز سے لطف اندوز ہوئے۔سہواگ کے بموجب اگر روایتی حریف میں مقابلے جاری رہتے ہیں تو یہ خود کرکٹ کیلیے بہت اچھا ہوگا، انھوں نے آئندہ برس انگلینڈ میں ہی مجوہ ورلڈ کپ کیلئے اپنی ٹیم کو پسندیدہ قرار دیا۔دوسری جانب شعیب اختر نے کہاکہ پڑوسی ممالک میں سیریز نہ ہونے پر میں کافی مایوس اور مجھے نئی نسل سے ہمدردی ہے جو سنسنی خیز میچز سے محروم ہیں، لیکن یہ دنیا ایسی ہی ہے اور ہم اس میں رہتے ہوئے کچھ کرنہیں سکتے ، مجھے امید ہے کہ ایک دن دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے اور ہم ایک دوسرے کے خلاف کھیل پائیں گے۔ ہمارے بھی کھلاڑی آئی پی ایل کا حصہ بنیں گے اور وہاں کے کھلاڑی پی ایس ایل کھیلنے آئیں گے، یہ دونوں ہی ممالک کے لیے بہترین صورتحال ہوگی۔