کراچی ۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیریز کا انعقاد کرکٹ کے لئے بہت زیادہ ضروری ہے۔دونوں ملکوں کے شائقین کرکٹ سیریز کی بحالی کیلئے بے تاب نہیں بلکہ مقامی کرکٹرز بھی اس کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ دونوں ہی ممالک کیلئے کرکٹ روابط کی بحالی فائدہ مند ہے لیکن بلا شک و شبہ پاکستان کو اس کی زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کیلئے بھی اچھا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریزبحال ہو جائے کیونکہ پاکستان نے بگ تھری کی حمایت اسی شرط پر کی تھی کہ ہندوستان آئندہ آٹھ برس کے دوران پاکستان سے چھ سیریز کھیلے گا۔ سیریز کا انعقاد ممکن نہ ہونے سے پی سی بی کو بھی بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ سابق چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ جتنا جنون ان دونوں ملکوں کی عوام میں کرکٹ کا ہے اتنا دنیا میں کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملتا اور اس سے بین الاقوامی کرکٹ کو بھی بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ ایک سوال پر سابق ٹسٹ کرکٹر نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ میں تینوں کرکٹرز اپنی حصے کی سزا کاٹ چکے ہیں اور محمد عامر نے تو بین الاقوامی کرکٹ میں متاثر کن واپسی بھی کرلی ہے لہٰذا اب دیگر دونوں کرکٹرز محمد آصف اور سلمان بٹ کو بھی معاف کردینا چاہئے۔ سلمان بٹ اور محمد آصف کو پاکستان سوپر لیگ میں موقع ملنا چاہئے جس سے ان میں بھی اعتماد پیدا ہو گا اور زیادہ اچھے طریقے سے ان کی فٹنس اور کارکردگی کا بھی اندازہ ہو جائے گا۔