ہند۔پاک سیریز کا ڈسمبر میں انعقاد ؟

کولکتہ 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے صدر شہریار خان کے بموجب ہندوستان اور پاکستان اپنے کرکٹ تعلقات کا احیاء رواں برس ڈسمبر میں منعقد شدنی باہمی سیریز سے کریں گے ۔ پی سی بی کے صدر نے یہ بات آج یہاں بی سی سی آئی کے صدر جگموہن ڈالمیا سے ملاقات کے بعد کیا ہے ۔ شہریار خان نے آج ابتدائی وقت میں بی سی سی آئی کے صدر ڈالمیا سے ملاقات کی اور ڈسمبر میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی سیریز کے انعقاد پر ممکنہ گوشوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ شہریار خان نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان آٹھ سیریزوں کے انعقاد پر باہمی اتفاق ہوا تھا اور اسی ضمن میں پہلی سیریز کو ڈسمبر میں منعقد کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی کرکٹ دونوں ملکوں کے علاوہ دنیائے کرکٹ کیلئے بھی اہمیت کی حامل ہیںاور ہند۔ پاک سیریز کیلئے میں ڈالمیا سے مسلسل رابطے میں رہوں گا ۔ شہریار نے ڈالمیا کو اپنا ایک اچھا دوست قرار دینے کے علاوہ 2004 میں مشترکہ طور پر پڑوسی ممالک کے درمیان منعقد کی جانے والی سیریز کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ رواں برس بھی دونوں ٹیموں کے درمیان بھی سیریز ممکن ہے ۔ پاکستان میں ناقص سکیوریٹی حالات کی وجہ سے کوئی بھی ٹیم بین الاقوامی کرکٹ کیلئے امادہ نہیں ہورہی ہے اور ممکن ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں ہوگی جیسا کہ پاکستان اپنی گھریلو سیریز کیلئے اس مقام کو میزبان ٹیم کے گھریلو میدان بنائے ہیں۔ ممبئی حملوں کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیا ن باہمی سیریز کا سلسلہ منقطع ہوچکا ہے اور امید ہے کہ رواں برس دونوں ٹیموں کے درمیان ایک مکمل سیریز کھیلی جائے گی۔