ہند۔پاک سیریز کا تنازعہ پہلے حل کرے

پاکستان کا آئی سی سی سے مطالبہ
لاہور۔28 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے واضح کیا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مجوزہ فیوچر ٹور پروگرام میں بڑے پیمانے پر ردوبدل ممکن ہے اور ہند۔پاک کرکٹ سیریز تنازعہ کے بارے میں آئی سی سی کمیٹی کے فیصلہ تک پروگرام کو قبول نہیں کریں گے۔ سیٹھی نے مزید کہا کہ اگرفیصلہ ہمارے حق میںآتا ہے تو پھر یقینی طور پر اس پورے پروگرام کو تبدیل کرنا پڑے گا۔ ہند وستانی کرکٹ بورڈ ہمارے خلاف ہے حالانکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ ایف ٹی پی میں ہمارے میچز کی تعداد 121 ہے اور ہم اس پر مطمئن ہیں تاہم ہندوستانی بورڈ کے ساتھ سیریز کا تنازعہ طے ہونے تک ایف ٹی پی کو مکمل طور پر قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے کہہ دیا ہے کہ ہند کے ساتھ سیریز کے تنازعہ کا فیصلہ کیا جائے۔ ایک سوال پرنجم سیٹھی نے کہا کہ مجوزہ ایف ٹی پی میں بھی ہم نے کوشش کی ہے کہ مضبوط ٹیموں کے ساتھ سیریز اور میچز ہوں تاکہ ہم اچھی کرکٹ کھیل سکیں۔ چیئر مین پی سی بی نے پاکستان میں ایمرجنگ ایشیا کپ کے انعقاد کی مخالفت سے متعلق سوال پر کہا کہ رواں سال ایشین کرکٹ کونسل کے عہدیدار پاکستان آئے تھے اور اجلاس میں ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کو دی گئی۔اس اجلاس میں بنگلہ دیش اورہند کے نمائندے شریک نہیں ہوئے تھے اور اب ان کا اعتراض سامنے آیا کہ اگر حکومتیں اجازت نہیں دیتیں تو پھر کیا ہوگا۔دونوں ملکوں کے اعتراض پر ہم نے کہاکہ اگر ایمرجنگ کپ پاکستان میں نہیں ہوتا تو پھر ایشیا کپ ہند میں کیسے ہوگا جس پر انہوں نے کہا کہ اس کیلئے حکومت سے اجازت لینا ہوگی اور ہم ایونٹ کروائیں گے۔ اب ہمارا موقف بھی یہی ہے اور صورتحال واضح ہو نے کے بعد ہی اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔