دبئی ۔17ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سوپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اسے اب ہندوستان کے خلاف میچ کے علاوہ باقی دونوں میچ ابوظہبی کے شیخ زائد اسٹیڈیم میں کھیلنا ہوں گے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 23 ستمبر کو دوسرا میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے دو میچ ابوظہبی میں کروانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ پاکستانی ٹیم دبئی میں قیام کرے گی۔ اسے صبح گیارہ بجے دبئی سے ابوظہبی روانہ ہونا ہوگا اور رات کو تقریباً ایک بجے کھلاڑی واپس ہوٹل پہنچیں گے۔ دبئی سے ابوظہبی کا سفر ڈیڑھ گھنٹے کا ہے۔گرم موسم میں آٹھ گھنٹے میچ کھیلنا اور اس کے علاوہ سفر کرنا تکلیف دے عمل ہے۔ ذرائع کے بموجب ہندوستان کو میزبان ہونے کی وجسہ سے اپنے تمام میچ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم تمام گروپ میچ، سوپر فور کے تینوں میچ اور اگر فائنل میں کوالی فائی کرتی ہے تو تمام چھ میچ دبئی میں کھیلے گی۔ جبکہ پاکستانی ٹیم کو سوپر فور مرحلے کے دو میچ کھیلنے ابوظہبی جانا ہوگا۔ ذرائع نے کہا ہے کہ بی سی سی آئی نے میزبان بورڈ ہونے کا فائدہ لیتے ہوئے اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے ابوظہبی جانے کی صورت میں ہندوستان کو سفر بھی کرنا تھا۔ ٹاپ دو ٹیمیں ٹورنمنٹ کا فائنل کھیلیں گی، سوپر فور مرحلے میں کس ٹیم کو پہلے کس کے ساتھ اورکہاں کھیلنا ہے اس کا فیصلہ گروپ اسٹیج کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی بنیاد پر ہوگا لیکن ہندوستان کی ٹیم تمام میچ ایک گرائونڈ میں کھیلے گی۔ سوپرفور میں 21، 23 اور 26 ستمبر کو بیک وقت 2 میچز کھیلے جائیں گے۔