کراچی ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے اس امید کا اظہار کیا ہیکہ رواں موسم گرما میں انڈین پریمیئر لیگ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان باہمی سیریز منعقد کی جاسکتی ہے۔ نجم سیٹھی نے ڈھاکہ میں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان آئی پی ایل کے ابتدائی مرحلہ کے مقابلہ متحدہ عرب امارات میں منعقد کررہا ہے جو کہ ہمارے لئے خوش آئند نتیجہ ہے کیونکہ ہم اسی مقام پر ہندوستان کے خلاف باہمی سیریز منعقد کرسکتے ہیں۔ نجم سیٹھی ان دنوں ڈھاکہ میں نہ صرف آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے مقابلوں کا مشاہدہ کررہے ہیں بلکہ وہ دیگر بورڈس کے ہم منصب عہدیداروں سے بھی ملاقات کررہے ہیں۔ پاکستانی ٹیم ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد رواں برس اکٹوبر تک کوئی بین الاقوامی سیریز نہیں کھیل رہی ہے لہٰذا ہندوستان کے خلاف سیریز کیلئے اس کے پاس بہتر وقت دستیاب ہے۔ 2009ء سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے عدم انعقاد کے متعلق پی سی بی کے صدر نے یہ بھی انکشاف کیا ہیکہ بیرونی ٹیموں کے پاکستان آکر بین الاقوامی سیریز کھیلنے سے انکار کی وجہ سے اسے تقریباً سالانہ 10 ملین امریکی ڈالرس کا نقصان ہورہا ہے جس کی وجہ سے بورڈ کو مالیہ کا خسارہ بھی ہورہا ہے۔ بورڈ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے ’’پاکستان پریمیئر لیگ‘‘ کا بھی منصوبہ بنایا ہے لیکن یہ منصوبہ ابھی کامیاب نہیں ہوسکا جبکہ نجم سیٹھی کا کہنا ہیکہ پاکستان پریمیئر لیگ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوسکتا ہے۔