ہند۔پاک اپنے کرکٹ مسائل حل کریں:آئی سی سی

دبئی ۔27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کو دوطرفہ کرکٹ سے متعلق اپنے مسائل حل کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرادی۔ ڈیوڈ رچرڈسن نے یہ بیان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہندوستان کے خلاف دائر کردہ مقدمہ کے تناظر میں دیا۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان مفاہمتی یادداشت میں دونوں ملکوں کے درمیان 2015 سے 2023 تک 6دوطرفہ کرکٹ سیریز کی ضمانت دی گئی ہے لیکن ہندوستان اس سے یادداشت سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔دوسری جانب بی سی سی آئی نے کہا کہ وہ اْس مفاہمتی یادداشت کے پابند نہیں کیونکہ پی سی بی نے اْس کی بعض شقوں پر عمل نہیں کیا۔واضح رہے کہ مقدمہ کی سماعت دبئی میں آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں یکم سے تین اکتوبر کو ہو گی اور پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سے دوطرفہ کرکٹ نہِیں کھیلی گئی ہے۔