ہند۔ونڈیز آج پہلا ونڈے ،خلیل پر نظریں

گوہاٹی۔20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹسٹ سیریز میں یک طرفہ انداز میں 2-0 سے کلین سویپ کرنے کے بعد دنیا کی دوسرے نمبر کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف کل یہاں ہونے والے پہلے ونڈے میں بھی اپنا جیت کا سلسلہ برقراررکھنے ارادے سے ہندوستانی ٹیم اترے گی ۔ہندستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے ایشیا کپ کا خطاب جیتا تھا اور وہ اسی فام کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچوں کی ونڈے سیریز میں بھی برقرار رکھے گی۔ اس سیریز میں ہندستان کے پاس ورلڈ کپ کے لئے اپنی قطعی ٹیم آزمانے کا ایک اور موقع ہے ۔دوسری طرف ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی ٹسٹ سیریز کی یکطرفہ شکست کے بعد واپسی کرنا چاہے گی اگرچہ اس کے کئی بڑے کھلاڑیوں نے افغانستان ٹوئنٹی20 لیگ میں کھیلنے کے سبب ٹیم سے کنارہ کر لیا ہے ۔آئندہ آسٹریلیا ئی دورے کو دیکھتے ہوئے کپتان ویراٹ کوہلی کو ونڈے سریز سے آرام دیئے جانے کے قیاس چل رہے تھے ۔ کوہلی کو ایشیا کپ میں آرام دیا گیا تھا اور روہت شرما نے کپتانی سنبھالی تھی لیکن سلیکٹرز نے پہلے دو ونڈے کے لئے اعلان ٹیم کی کپتانی کوہلی کو ہی سونپی ہے جن کے پاس اس سیریز میں10 ہزاررنز مکمل کرنے کا شاندار موقع ہے ۔ کوہلی کو اس اعزاز کے لیے صرف221 رنز کی ضرورت ہے ۔ونڈے ٹیم میں نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت شامل ہیں لیکن مہندر سنگھ دھونی کی موجودگی میں انہیں خالص بیٹسمین کی طرحکھیلنا پڑ سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں فاسٹ بولر خلیل احمد پر بھی توجہ مرکوز ہوگی تاہم ٹیم میں شمولیت کیلئے انہیں محمد سمیع اور اومیش یادو سے مسابقت ہے ء فاسٹ بولر شاردل ٹھاکر کے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم میں امیش یادو کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے حیدرآباد میں دوسرے ٹسٹ میں جملہ 10 وکٹ لئے تھے اور مین آف دی میچ بنے تھے ۔ ٹسٹ ٹیم میں خراب فارم سے گزر رہے لوکیش راہول کو ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ انہیں آخری الیون میں جگہ مل پاتی ہے یا نہیں۔ ونڈیز کو سیریز شروع ہونے سے پہلے اوپنر ایون لوئیس کا نقصان ہوا ہے۔