پاناجی۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) گاؤکشی پر ملک گیر امتناع کا مطالبہ کرتے ہوئے دائیں بازو کی ہندو تنظیم نے آج مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ کی اس مسئلہ پر ’’خاموشی‘‘ پر سخت تنقید کی۔ ہندو جن جاگرن سمیتی کے قومی ترجمان رمیش شنڈے نے اپنے بیان میں کہا کہ گایوں کا تحفظ ناممکن ہے، اگر گاؤ کشی پر امتناع عائد نہ کیا جائے۔ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر یہ سیدھا سادہ معاملہ اب تک حکومت کے زیرغور کیوں نہیں آیا۔ اس کے برعکس نئے ذبیحہ گھروں کے قیام کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رادھا موہن سنگھ جنہوں نے چند دن قبل ہی قومی گوکل مشن کا آغاز کیا تھا ، کل گاؤکشی پر امتناع عائد کرنے کے لئے قانون ساز ی کے مطالبہ پر کوئی جواب دینے کے بجائے خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر وہ مہر بہ لب ہیں اور اُن کی وزارت گایوں کے تحفظ کے لئے کچھ نہیں کررہی ہے، صرف ان کے تحفظ کی باتیں کرتی ہے۔ حال ہی میںکُل ہند ہندو کنونشن گوا میں ہندو جن جاگرن سمیتی کے زیراہتمام منعقد کیا گیا تھا جس میں گاؤ کشی پر ملک گیر امتناع کیلئے قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا۔