ہندو ازم کا علم آپ نے کہاں سیکھا : مودی

جودھپور ۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس سے تلخ لب و لہجہ میں سوال کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کارکن سے پوچھا کہ اپوزیشن پارٹی نے مذہب کے بارے میں معلومات کہاں سے حاصل کی ہے۔ راجستھان کے علاقہ جودھپور میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے طنزیہ انداز میںکہا کہ ایک چھوٹے کامدار (کارکن) سے انہوں نے کہا کہ ہندوازم کی مکمل معلومات کا کبھی بھی دعویٰ نہیں کیا لیکن نامدار (خاندان) کو حق ہیکہ وہ جو چاہے بولے۔ مودی نے اکثر صدر کانگریس راہول گاندھی کو نامدار کے لقب کے پکارا ہے۔ وہ ہندوستان کے اولین وزیراعظم جواہر لال نہرو اور اولین صدر راجندر پرساد کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنڈت نہرو نے سومناتھ مندر کے پرساد کے دورہ پر اعتراض کیا تھا جسے غیرملکی دراندازوں نے تباہ کردیا تھا اور جس کی تعمیرنو سردار ولبھ بھائی پٹیل نے کی تھی۔ وزیراعظم نے حاضرین جلسہ سے ریاستی انتخابات سے قبل خطاب کیا۔ ریاست میں 7 ڈسمبر کو رائے دہی مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک پرساد کی یوم پیدائش تقریب منارہا ہے لیکن انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس جھوٹ بولنے کی یونیورسٹی ہے۔ جو لوگ زیادہ جھوٹ بولتے ہیں انہیں پارٹی میں نئے عہدے دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی میں جھوٹ بولنے کی زیادہ صلاحیت ہے۔ اپوزیشن پارٹی کا خیال ہیکہ اگر وہ برسراقتدار آجائے کیونکہ راجستھان میں متبادل پارٹیوں کی تشکیل حکومت کیلئے لہر چل رہی ہے لیکن یہ آئندہ ریاستی انتخابات میں غلط ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے خواب تمام ریاستوں میں کچل دیئے گئے ہیں اور یہی راجستھان میں بھی ہوگا۔