ملبورن۔22فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم بالآخر چوتھے مقابلہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ کی پہلی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جیسا کہ اس نے اے بی ڈی ویلئرس کی زیرقیادت ٹیم کو 130رنز سے شکست دی‘ جیسا کہ جنوبی افریقی ٹیم کامیابی کیلئے 308رنز کا تعاقب کررہی ہے تاہم وہ 40.2اوورس میں 177رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ ہندوستانی ٹیم جسے گذشتہ تین ورلڈ کپ ٹورنمنٹس کے دوران ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی لیکن آج ہندوستانی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کے بعد خصوصاً دوسری اننگز میں بہترین بولنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی لمحہ افریقی ٹیم کو مقابلہ میں برقرار رہنے کا موقع نہیں دیا کیونکہ ایک ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں جنوبگی افریقہ کو پہلی ہی ناکامی اُس وقت برداشت کرنی پڑی جب محمد سمیع نے کوئنٹن ڈیکاک کو ویراٹ کوہلی کے ہاتھوں 12رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کروایا ‘ جس کے بعد 11اوور میں موہت شرما نے ہندوستان کے خلاف ہمیشہ ہی خطرناک ثابت ہونے والے ہاشم آملہ کو محمد سمیع کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ اس طرح 40رنز کے مجموعی اسکور پر ڈیکاک (7) اور آملہ (22) پویلین لوٹ گئے تھے ۔ نازک صورتحال کے بعد فاف ڈوپلیسی اور کپتان ڈی ویلئرس کے درمیان 68رنز کی پارٹنرشپ فی اوور 5.44کی اوسط سے بن گئی اور لگ رہا تھا کہ افریقی ٹیم مقابلہ میں واپسی کی پہلی منزل طئے کرچکی ہے
لیکن اس موقع پر موہت شرما اور دھونی کی مشترکہ کوشش کی بدولت انتہائی خطرناک ڈیلئرس رن آؤٹ ہوگئے ۔ آؤٹ ہونے سے قبل ڈی ویلئرس نے 38گیندوں میں 3چوکوں کی مدد سے 30رنز اسکور کئے۔ ڈی ویلئرس کے آؤٹ ہونے کے بعد وقفہ وقفہ سے افریقی کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے جب کہ ڈوپلیسی نے 71گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے ٹیم کیلئے سب سے زیادہ 55رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈیوڈ ملّر نے یادو اور دھونی کی مشترکہ کوشش سے رن آؤٹ ہونے سے قبل 23گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 22رنز بنائے ۔ مذکورہ کھلاڑیوں کے علاوہ جے پی ڈومینی (6)‘ ورنان فیلنڈر (0) ‘ ڈیل اسٹین (1)‘ مورنی مورکل (2)اور عمران طاہر (8)جلد پویلین لوٹ گئے‘ جبکہ پارنل نے 28گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 17رنز اسکور کئے ۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع نے 8اوورس میں 30رنز اور موہت شرما نے 7اوورس میں 31رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اشون نے 41رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ قبل ازیں ہندوستان نے ناقص شروعات کے بعد شکھر دھون کی سنچری (137) ‘ ویراٹ کوہلی (47) اور اجنکیا رہانے کے تیز رفتار 60گیندوں میں 7چوکوں اور 3چھکوں پر مشتمل 79رنز کی بدولت 7وکٹوں کے نقصان پر 307رنز اسکور کئے ۔ دھون نے 146گیندوں پرمشتمل اپنی اننگز میں 16چوکے اور دو چھکے لگائے اور شاندار بیٹنگ پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ جنوبی افریقہ کے لئے مورکل نے 59رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔