روہت شرما اور جڈیجہ کی نصف سنچریاں ، 434 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا ٹاپ آرڈر ناکام
کانپور ۔ /25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اپنے 500 ویں تاریخی ٹسٹ میں شاندار کامیابی کی سمت رواں ہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 434 رنز کے تعاقب میں بری طرح لڑکھڑاگئی دوسری اننگز میں ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور 93 رنز پر اس کے چار اہم بیٹسمین آؤٹ ہوگئے ۔ آج پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک لیوک رونچی (38) اور مشیل سنیٹنر (8) رنز پر کھیل رہے تھے ۔ قبل ازیں ہندوستانی کھلاڑیوں روہت شرما اور رویندر جڈیجہ نے اسپنرس کے لئے سازگار پچ پر نصف سنچریاں اسکور کیں اور ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز 377/5 پر ڈکلیر کردی ۔ اس طرح پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ کو کامیابی کے لئے 434 رنز کا نشانہ مقرر کیا ۔ افتتاحی سیشن میں تین وکٹس کھونے کے بعد اجنکیا راہا نے (40) بھی پویلین لوٹ گئے لیکن روہت شرما (68 ناٹ آؤٹ) اور جڈیجہ (50 ناٹ آؤٹ) نے وکٹس پر ڈٹے رہے ۔ انہوں نے چھٹی وکٹ کی رفاقت میں 100 رنز بنائے ۔ جیسے ہی جڈیجہ نے مشیل سنیٹنر کی گیند پر ایک رن لیکر نصف سنچری مکمل کی ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے اپنی اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا ۔ جڈیجہ نے اپنی ہیٹ کو تلوار کی طرح لہراتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے کی خوشی منائی پھر دونوں بیٹسمین میدان سے واپس ہوئے ۔ نیوزی لینڈ کو یہ ٹسٹ بچانا ایک مشکل امر ہے ۔ کیونکہ شکست سے بچنے اسے چار سیشن کھیلنا ہوگا ۔
ٹسٹ کی تاريخ میں اب تک کسی بھی ٹیم ے اتنے بڑے نشانہ کا کامیاب تعاقب نہیں کیا ۔ روہت شرما اور جڈیجہ نے آج متضاد انداز میں کھیل پیش کیا جہاں بائیں بازو کے بیٹسمین جارحانہ انداز اختیار کئے ہوئے تھے اور راہنے کے آوٹ ہونے کے بعد دوسرے سیشن میں انہوں نے 125 رنز اسکور کئے ۔ روہت شرما نے 93 گیندوں میں 63 رنز بنائے جن میں 8 چوکے شامل ہیں ۔ جڈیجہ نے دو چوکے اور تین چھکوںکی مدد سے 58 گیندوں میں نصف سنچری بنائی ۔ صبح کے سیشن میں میزبان ٹیم کے تین بیٹسمین آؤٹ ہوئے ۔ جن میں کپتان ویراٹ کوہلی بھی شامل ہیں ۔ تاہم اس وقت تک کل شام کے اسکور 159/1 میں 93 رنز کا اضافہ ہوا اور مجموعی اسکور 300 کے نشانہ کو عبور کرچکا تھا ۔ نائیٹ بیٹسمین مرلی وجئے (76) اور چٹیشور پجارا (78) کے علاوہ ویراٹ کوہلی (18) پر آؤٹ ہوگئے ۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے اسپنرس سے بھرپور استفادہ کیا ۔ مارک کریگ نے کوہلی کو آؤٹ کیا جن کا کیچ سودھی نے لیا ۔ نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم (2) ، مارٹن گپٹل (0) ، کین ولیمسن (25) اور راس ٹیل (17) پر آؤٹ ہوئے ۔ نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے آج آخری دن 341 رنز کی ضرورت ہے جبکہ مزید 6 وکٹیں باقی ہیں ۔ آشون نے 3 وکٹس حاصل کئے ۔