برسبین۔18ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر جہاں آسٹریلیائی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان سے 221رنز بنالئے ہے وہیںہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگز میں ایک اہم سبقت حاصل کرنے کا موقع دستیاب ہے جس میں آج صبح اپنی پہلی اننگز میں یکے بعد دیگرے وکٹوں کے زوال کے باوجود 408رنز اسکور کرلئے ہیں۔ ہندوستان جس نےآج صبح اپنے کل کے اسکور 311/4سے آگے کھیلنا شروع کیا تاہم اس کی مابقی 6وکٹیں صرف 97رنز کے اضافہ پر ہی گرگئیں۔ ہندوستانی ٹیم کو حالانکہ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین اجنکیا رہانے ‘ روہت شرما اور کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی خدمات دستیاب تھی لیکن کوئی بھی کھلاڑی بڑااسکور نہیںکرپایا ۔ رہانے نے 132گیندوں میں8 چوکوں کی مدد سے 81رنز اسکور کئے جب کہ روہت شرما جنہوں نے کل 26رنز اسکور کئے تھے وہ اپنے انفرادی اسکور میں صرف 6رنز کا اضافہ ہی کرپائے ۔
55گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں روہت شرما تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32رنز اسکور کرپائے ۔ دھونی نے 53گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 33رنز بنائے جبکہ روی چندرن اشون نے 41گیندوں میں 6چوکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 35رنز اسکور کئے۔ ہندوستانی ٹیم کی نچلی صف کے بیٹسمین اومیش یادو نے 21گیندوںمیںدو چوکوں کی مدد سے 9رنز ‘ ورن ارون نے 11گیندوں میں 4رنز بنائے جب کہ ایشانت شرما 3گیندوںمیں ایک رن بناپائے ۔ آسٹریلیا کیلئے ٹسٹ کریئر کا آغاز کرنے والے دراز قد جوش ہیزل ووڈ نے کامیاب بولنگ کا مظاہرہ کیا جیسا کہ انہوں نے 23.2اوورس میں 68رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ہندوستان کے خلاف پہلے ہی ٹسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے ہیزل ووڈ تیسرے آسٹریلیائی بولر بنیں کیونکہ اس سے قبل 1999ء ملبورن ٹسٹ میں بریٹ لی نے 47/5 اور 2008ء ناگپور ٹسٹ میں جیسن کریجا نے 215/8کا مظاہرہ کیا تھا ۔ آسٹریلیا کے لئے دوسرے کامیا ب بولر نیتھن لیون ثابت ہوئے جنہوں نے 25.4اوورس میں 105رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ میچل جانسن کے ناقص مظاہرہ کا سلسلہ جاری ہے
اور وہ 21اوورس میں 81رنز دینے کے باوجود ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کرپائے ۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگزکا تیزرفتار آغاز کیا لیکن 47رنز کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ وارنر28گیندوں میں 6چوکوں کی مدد سے 29رنز بنانے کے بعد اومیش یادو کے شکار بنے۔ ناقص فام سے پریشان دوسرے اوپنر کریس راجرس نے 10چوکوں کی مدد سے 55رنز ‘ شین واٹسن 4چوکوں کی مدد سے 25اور شان مارش 70گیندوں میں پانچ چوکوں کی مد دسے 32رنز بناکر آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے ۔ دن کے اختتام پر بحیثیت کپتان پہلا ٹسٹ کھیل رہے اسٹیواسمتھ 88گیندوں میں 6چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 65رنز بناکر کھیل رہے تھے ۔ ان کے ہمراہ میچل مارش (7) موجود ہیں ۔ہندوستان کیلئے یادو نے 48رنز دے کر 3وکٹ لئے ۔