ہندوستان 318 رنز پر آل آوٹ ، نیوزی لینڈ 152/1

کانپور ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو اپنے 500 ویں تاریخی ٹسٹ مقابلہ کے دوسرے دن بھی جدوجہد کا سامنا رہا کیونکہ دوسرے دن چائے کے وقفہ کے بعد کا کھیل بارش کی نذر تو ہوا لیکن آج کے دو سیشنوں میں مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 152/1 کا بہترین آغاز کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے اپنے کل کے اسکور 291/9 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور صبح کے پہلے ہی سیشن میں وہ 318 رنز پر آل آوٹ ہوگئی جس کے بعد دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے اپنی کپتان کین ولیمسن اور بائیں ہاتھ کے اوپنر ٹام لیتھم کی نصف سنچریوں کے بدولت چائے کے وقفہ تک صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 152 رنز اسکور کرلئے تھے جس کے بعد بارش نے کھیل کو روک دیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان کی پہلی اننگز کے اسکور سے ہنوز 166 رنز پیچھے ہیں اور کل کھیل کا آغاز صبح 9.15 بجے ہوگا اور 98 اوورس ڈالے جائیں گے۔ تیز بارش سے قبل ولیمسن اور لیتھم نے دوسری وکٹ کیلئے 117 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ ولیمسن نے اپنی 115 گیندوں پر مشتمل اننگز میں ناقابل تسخیر 66 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 7 چوکے شامل ہیں جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی لیتھم نے 137 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 56 رنز اسکور کرلئے ہیں جس میں 5 چوکے شامل ہیں۔ مذکورہ بیٹسمینوں کو ہندوستانی اسپنرس روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کے علاوہ گرین پارک کی وکٹ پر میزبان فاسٹ بولروں کے خلاف بھی کسی قسم کی دقت پیش نہیں آئی۔ دن کے آخری چند اوورس میں ہندوستانی بولروں نے وکٹ حاصل کے امکانات دکھائے لیکن کوئی بھی بولر نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ حاصل نہیں کرپایا۔

ولیمسن اور لیتھم کو چند ایک قریبی واقعات کے باوجود پویلین لوٹنا نہیں پڑا جیسا کہ ولیمسن اشون کی گیند کھیلنے کی کوشش کی تھی لیکن گیند ان کے ہیلمٹ پر لگنے کے بعد اس کا پچھلا حصہ وکٹوں سے ٹکرایا لیکن بیلس نہ گرنے کی وجہ سے وہ خوش قسمت رہے۔ علاوہ ازیں لیتھم کو اس وقت ڈرامائی انداز میں ناٹ آوٹ قرار دیا گیا جب وہ رویندر جڈیجہ کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلا جس پر قریبی فیلڈر کے ایل راہول کیچ کھیلنے کی کوشش کی لیکن اس دوران گیند ان کے ہیلمٹ کی جعلی سے ٹکرائی جس پر تیسرے ایمپائر نے انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا۔ ابتدائی سیشن میں ہندوستانی ٹیم نے جب 291/9 سے آگے کھیلنا شروع کیا تو جڈیجہ نے تیز رفتار 42 رنز اسکور کرتے ہوئے مجموعی اسکور کو 300 کے ہندسے سے پار کیا جس میں آخری وکٹ کیلئے اومیش یادو نے 9 رنز اسکور کرتے ہوئے 41 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی۔ بائیں ہاتھ کے جڈیجہ نے فاسٹ بولرٹرینٹ بولڈ کی اچھال لیتی گیندوں کا دفاع کرنے کے علاوہ بائیں ہاتھ کے اسپنر مچل سینٹنر کی گیندوں پر آگے آ کر رنز بناتے رہے۔ کل کے مجموعی اسکور میں 27 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد یادو حریف فاسٹ بولر نیل وینگر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کیلئے بولٹ نے 67 رنز کے عوض تین جبکہ اسپنر سنٹنر نے 94 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ علاوہ ازیں ویگنر نے نہ صرف 15 اوورس میں کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 42ر نز دیئے بلکہ دو اہم وکٹیں بھی حاصل کیں۔