نئی دہلی ، 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اجتماعی شاٹ گن؍ رائفل؍ پسٹل ورلڈ کپ کی 2017ء میں میزبانی کرے گا اور اس ایونٹ کی کامیابی کی اساس پر این آر اے آئی 2018ء کی باوقار ورلڈ چمپئن شپ کیلئے بولی لگانے پر غور کرے گا، جس میں ٹوکیو اولمپک کوٹہ کے 70 مقامات داؤ پر لگے ہوں گے۔ انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹ فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) کے کیلنڈر میں یہ اجتماعی ٹورنمنٹ سال کے چار ورلڈ کپ ایونٹس میں سے ہے۔ صدر این آر اے آئی رانندر سنگھ نے آج نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ہمیں 2017ء میں کمبائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا ہے اور اگر سب کچھ اچھا ہوتا ہے تو ہم کمبائنڈ ورلڈ چمپئن شپس کی میزبانی کیلئے دعوے داری پیش کریں گے، جہاں 2020ء اولمپک گیمز کیلئے 70 کوٹہ مقامات کیلئے مسابقت رہے گی۔ ایرگن ٹورنمنٹ کے بعد ایشین شوٹنگ چمپئن شپ ہوگی جو نومبر میں کویت میں منعقد کی جائے گی، اور وہ آئندہ سال کے اولمپکس کیلئے آخری کوالفکیشن ایونٹ رہے گا۔ شوٹرز اسے نومبر کے ایونٹ کیلئے تیاری کا موقع سمجھ رہے ہیں۔ چنانچہ کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں جاری ٹورنمنٹ کافی دلچسپ ثابت ہونے کی توقع ہے۔ لیکن کارپوریٹ کی معقول تائید اور ٹائٹل اسپانسر نہ ہونے سے مایوسی ہے۔