ہندوستان ‘ آسٹریلیا یا افریقہ ورلڈ کپ جیت سکتی ہیں : چیپل

نئی دہلی 7 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ دنیا کی کرکٹ ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئے اپنی تیاریوں کے آخری مراحل میں کرکٹ کے سابق اسٹار ایان چیپل نے کہا کہ دفاعی چمپئن ہندوستان ‘ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ اس ٹورنمنٹ کو جیتنے دوسری ٹیموں کے مقابلہ میں پسندیدہ ہیں۔ چیپل نے اپنے ایک کالم میں تحریر کیا ہے کہ اب جبکہ ٹیمیں آئندہ ورلڈ کیلئے تیاریوں کے آخری مراحل میں ہیں ایسے میں یہ تاثر ملتا ہے کہ تین ٹیمیں اس کی تیاری میں دوسروں سے آگے ہیں اور کوئی چوتھی ٹیم بھی دعویدار بن سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اس بار کامیابی کیلئے تین ٹیمیں سب سے آگے ہیں ان میں آسٹریلیا ‘ ہندوستان اور جنوبی افریقہ ہیں۔ چونکہ کسی بھی ٹیم کی کامیابی میں قیادت کا اہم رول رہیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز بھی کوئی کرشمہ کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک انگلینڈ کا سوال ہے اس کی قیادت اچھی نہیں ہے اور اس سے اس کیلئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ کرکٹر سے کمنٹیٹر بننے والے چیپل نے کہا کہ ہندوستان اور

آسٹریلیا اپنی طاقتور قیادت کی وجہ سے اچھے موقف میں ہیں ۔ چیپل نے واضح کیا کہ ٹسٹ کپتان کی حیثیت سے ناکامیوں کے باوجود مہیندر سنگھ دھونی ونڈے میں ٹیم کے بہترین کپتان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھونی کو لگاتار دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کیلئے اپنی ٹیم کی کچھ خامیوں کو دور کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ہندوستان دفاعی چمپئن ہے لیکن اچھال لیتی ہوئی پچس پر ہندوستان کی صلاحیتیں مشکوک ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا ہندوستان کی بیٹنگ اتنی اچھی ہے یا پھر اس کے پاس تیز پچس پر کاٹ دار بولنگ کرنے والے کوئی ہیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ نیوزی لینڈ میں اس کے بولرس کو مدد مل سکتی ہے لیکن آسٹریلیا میں انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستانی ٹیم مسلسل کامیابیاں حاصل کرتی ہے تو اسے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں رسائی کا موقع مل سکتا ہے اور یہی میچ اس کیلئے اپنے خطاب کے دفاع کا راستہ فراہم کرسکتا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ انگلینڈ کی ورلڈ کپ کی تیاریاں مسائل کا شکار ہیں ۔