ہندوستان ۔آئرلینڈ آج پہلا ٹوئنٹی 20 مقابلہ

ڈبلن۔26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم فٹ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں انگلینڈ کے طویل دورے پر ہے جس کی شروعات وہ آئر لینڈ کے خلاف کل یہاں پہلے ٹوئنٹی20 میچ سے کرے گی جو انگلش حالات سے خود کو ڈھالنے کے لحاظ سے اہم ثابت ہوگا۔ہندستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو ٹوئنٹی20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز مقرر ہے جو مہمان ٹیم کے لیے انگلینڈ کے خلاف طویل سریز سے پہلے اچھی مشق ثابت ہو سکتی ہے ۔انگلینڈ روانہ ہونے سے پہلے ٹیم کے کپتان کوہلی اورکوچ روی شاستری نے بھی آئر لینڈ کے خلاف ان میچوں کو تیاری کے لحاظ سے اہم قراردیا ہے۔پہلا میچ ڈبلن میں 27 جون اور دوسرا 29 جون کو اسی میدان پر ہو گا۔ہندستانی ٹیم انگلینڈ دورہ کے ضمن میں کافی سنجیدہ ہے کیونکہ میزبان ٹیم اس وقت بہترین فام میں ہے اور حال میں اس نے آسٹریلیا کے خلاف 5-0 کی کلین سویپ کے بعد خود کا موقف اور مضبوط کیا ہے ۔ٹیم انڈیا کے تمام کھلاڑی سریز سے پہلے جم کر مشق کر رہے ہیں جس کا ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ویڈیو بھی شائع کیا ہے ۔مہمان ٹیم کے لئے سب سے راحت کی بات اس کے کپتان کوہلی کی فٹنس ہے جو آئی پی ایل کے بعد افغانستان کے خلاف واحد ٹسٹ اور انگلش کاؤنٹی میں نہیں کھیل پائے تھے ۔اگرچہ روانہ ہونے سے پہلے انہوں نے کہا کہ وہ اب بالکل فٹ ہیں۔بیٹنگ میں کوہلی، روہت شرما، شکھر دھون اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی ٹیم کی طاقت ہیں۔بولروں میں فاسٹ بولرجسپریب بمرا، امیش یادو اور بھونیشور کمار اورآل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اہم ہیں۔ ٹیم کے تمام کھلاڑی مختلف گروپوں میں مشق کر رہے ہیں جس میں بیٹنگ اوربولنگ کے ساتھ ٹیم کی توجہ فیلڈنگ پر بھی ہے ۔کوہلی نے آئر لینڈ میچ سے پہلے نیٹ پر لوکیش راہول کے ساتھ اسپن اور فاسٹ بولنگ کی بھی کافی مشق کی ہے ۔راہول ٹوئنٹی20 ٹیم کا باقاعدہ حصہ رہے ہیں اور جنوبی افریقہ کے دورے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ہندستانی ٹیم کے تمام بڑے کھلاڑی سیریز میں اتر رہے ہیں۔اس سے پہلے ویراٹ، بھونیشور، جسپریت بمراہ اور دھونی سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20 سہ رخی سریز سے باہر رہے ۔ ٹیم میں سدھارتھ کول بھی شامل ہیں جنہیں اب تک ٹوئنٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے جبکہ یادو نے اپنا واحد ٹوئنٹی20 میچ2012 ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلا ہے لہذا آئر لینڈ کے خلاف کمار یا بمراہ میں سے کسی ایک کو باہر بٹھا کر یادو یا کول کو موقع دیا جا سکتا ہے ۔ہندستان اور آئرلینڈ کے درمیان زیادہ مقابلے نہیں کھیلے گئے ہیں اور ہندستانی ٹیم سال2007 کے بعد یہاں پہلی مرتبہ دورے پر پہنچی ہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان جملہ چار مرتبہ محدود اوور کے میچ کھیلے گئے ہیں جن میں2011 اور2015 ونڈے ورلڈ کپ میں تین میچ اور2009 میں ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں واحد میچ کھیلا گیا تھا۔ ہندستان نے آئر لینڈ سے اپنا ٹوئنٹی20 میچ نوٹنگھم میں آٹھ وکٹ سے جیتا تھا جس میں روہت نے ناٹ آؤٹ نصف سنچری بنائی تھی ۔ امید رہے گی کہ وہ دوبارہ اسی کارکردگی کو دہرائیں۔آئر لینڈ کی ٹیم میں کپتان گیری ولسن، ولیم پورٹرفیلڈ اورآل راؤنڈرکیون اوبرائن پر نگاہیں رہیں گی جو ہندستانی ٹیم کے خلاف پہلے بھی کھیل چکے ہیں۔اس کے علاوہ ہند نژاد آف اسپنر سمرنجیت سنگھ سے بھی مہمان ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے ۔