ہندوستان ہمیں یرغمال نہیں بنا رہا: شہریار

کولکتہ۔ 2 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ حکام نے دوطرفہ سیریز کے معاملے پر ہندوستانی بورڈ کے ہاتھوں یرغمال بننے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انڈیا نے سیریز کیلئے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو ہم ہرجانے کا مطالبہ کریں گے۔’ڈان‘ سے خصوصی گفتگو میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے ہندوستان کی جانب سے پاکستان سے سیریز منسوخ کرنے کے حوالے سے کہا کہ میں نہیں مانتا کہ ہندوستانی بورڈ ہمیں یرغمال بنا رہا ہے۔ لیکن اگر ہندوستان اپنے دستخط کردہ معاہدے کی یادداشت کی پاسداری نہیں کرتا تو ہم اس بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ یہ ردعمل کس طرز کا ہو سکتا ہے۔پاکستان اور ہندوستان نے گزشتہ سال ایک معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے  تھے جس کے تحت روایتی حریفوں کو 2015-2023 تک آٹھ دوطرفہ سیریز کھیلنی ہیں جس میں سے پہلی سیریز رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے۔ایک طرف ہندوستانی کرکٹ حکام پاکستان پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام عائد کر کے کرکٹ روابط بحال کرنے سے انکار کررہا ہے تو دوسری جانب ہندوستانی حکومت نے بھی ابھی تک سیریز کیلئے بورڈ کو کلیئرنس نہیں دی ہے۔ دو ٹسٹ ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز رواں سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں مقرر ہے۔