ہندوستان ہر ہندوستانی کا ملک ،ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل

میواتھ (ہریانہ )31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کہا کہ موجودہ انتخابات صرف ترقی کیلئے نہیں ہے ان کی پارٹی دستور میں درج سیکولر اقدار کے تحفظ کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔ موجودہ انتخابات ان سیکولر اقدار کیلئے ہیں جن کیلئے ہمارے آباء و اجداد نے بے انتہا جدوجہد کی اور مصائب برداشت کیں۔ دستور ان سیکولر اقدار کو تسلیم کرتا ہے اور ہمیں ان کا احترام سکھاتا ہے وہ میوات میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہی تھی ۔ بی جے پی اور اس کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی پر در پردہ تنقید کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس ایک ایسے ملک کیلئے جدوجہد کرے گی جو صرف مٹھی بھر افراد کا ملک نہیں بلکہ ہر ایک کی ملکیت ہے جہاں ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے ملک کیلئے جدوجہد کریں گے جہاں مذہب ،زبان ،مقام پیدائش یا پیدائشی ذات پات کی اتنی زیادہ اہمیت نہیں ہے جتنی کہ اس بات کی ہے کہ ہم سب ہندوستانی ہے ۔ سیکولر ملک اہمیت رکھتا ہے یو پی اے کی صدر نشین نے کہا کہ کوئی بھی دوسری حکومت اتنے ترقیاتی اقدامات گذشتہ 10 سال کے عرصہ میں نہیں کرسکتی تھی جتنی کہ منموہن سنگھ حکومت نے کئے ہیں۔ میوات کے پسماندہ علاقہ کیلئے ہی ترقیاتی پروگرام کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ تبدیلیاں ہوتی دیکھ رہے ہیں اگر آپ گذشتہ حکومت کے دوران ترقی کا موجودہ حکومت کے دوران ترقی سے تقابل کریں تو آپ کو نمایاں فرق نظر آئے گا ۔

چاہے وہ اس علاقہ کو پسماندہ علاقہ کا موقف عطا کرنا ہو ۔ پینے کے پانی کی سہولتیں فراہم کرنا ہو یا اساتذہ اور ڈاکٹروں کے علحدہ کیڈرس کا قیام ہو۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشور میں ہر ایک کو صحت کا تیقن دیا گیا ہے۔دیہی روزگار اسکیم کے تیقن کی تکمیل کی جاچکی ہے ۔ حق تعلیم اور حق معلومات قانون نافذ کردیئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ خواتین کے خلاف تشدد کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ رائے بریلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر کانگریس سونیا گاندھی اپنا پرچہ نامزدگی رائے بریلی کی لوک سبھا نشست کیلئے دو اپریل کو داخل کریں گی۔ پارٹی ذرائع کے بموجب نائب صدر پارٹی راہول گاندھی سونیا گاندھی کی یہاں آمد پر ان کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے رہیں گے ۔ ان کی دختر انچارج امور رائے بریلی پرینکا گاندھی وڈرا اور ان کے شوہر رابرٹ وڈرا کی بھی موجودگی متوقع ہے ۔ ناگپور سے موصولہ اطلاع کے بموجب سونیا گاندھی 5 اپریل کو ناگپور میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گی۔ وہ ناگپور امیدوار کیلئے مشترکہ انتخابی اجلاس سے خطاب کریں گی جو موجودہ رکن پارلیمنٹ ولاس مٹمپوار اور رام ٹیک نامزد امیدوار ، رکن پارلیمنٹ مکل واسنک کے ساتھ مشترکہ اجلاس ہوگا ۔ صدر ناگپور ضلع کانگریس وکاس ٹھاکرے نے کہا کہ جلسہ عام کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ یہ ودربھہ میں صدر کانگریس کا پہلا انتخابی جلسہ عام ہوگا ۔