جکارتہ ۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپئن ہندوستانی ہاکی ٹیم کو آج یہاں ملیشیا کے خلاف دل توڑنے والی 6-7 کی شکست برداشت کرنی پڑی اور 2020ء اولمپکس میں اس کی راست رسائی کے امکانات بھی ختم ہوچکے ہیں۔ ملیشیا جس نے 8 برس قبل بھی ہندوستان کو قطعی چار ٹیموں کے مقابلہ میں شکست دی تھی اسی مظاہرہ کا آج بھی اس نے اعادہ کیا۔ 60 منٹ کے کھیل کے بعد دونوں ہی ٹیموں نے 2-2 کا شاندار مظاہرہ کیا تھا لیکن ہندوستان نے آخری لمحات میں حریف ٹیم کو گول بنانے کا موقع فراہم کیا۔ شوٹ آف میں مقابلہ کسی بھی ٹیم کے حق میں جاتا دکھائی دے رہا تھا لیکن ملیشیا نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے دوسری مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کی۔